19 قائدین کے اجلاس میں آگ بگولہ، قومی قیادت کی توقعات پر کھرا نہ اترنے پر ناراضگی
حیدرآباد ۔ 17 ستمبر (سیاست نیوز) مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ نے تلنگانہ بی جے پی قائدین پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ بی جے پی قومی قیادت کے توقعات پر کھرا اترنے میں ناکام ہورہے ہیں۔ پارٹی قائدین کے درمیان اتحاد کے فقدان پر بھی برہمی کا اظہار کیا ہے۔ امیت شاہ نے آج ہریتا پلازا بیگم پیٹ میں بی جے پی کے 19 اہم قائدین کا اجلاس طلب کیا۔ ریاست کی تازہ سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا۔ پارٹی قائدین کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے آگ بگولہ ہوگئے۔ پارٹی کے ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ یہ اجلاس دیڑھ گھنٹہ تک جاری رہا ہے۔ امیت شاہ نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس پارٹی منظر سے غائب ہوگئی ہے۔ راست مقابلہ ٹی آر ایس اور بی جے پی کے درمیان ہے۔ تاہم بی جے پی کے قائدین میں اتحاد کا فقدان ہے۔ بی جے پی قومی قیادت کو تلنگانہ سے کافی امیدیں وابستہ ہیں اور تلنگانہ میں ماحول بی جے پی کیلئے سازگار ہے۔ تلنگانہ کے عوام ٹی آر ایس حکومت سے بدظن ہوگئے ہیں اور متبادل کے طور پر بی جے پی کی طرف دیکھ رہے ہیں مگر تلنگانہ بی جے پی کی قیادت اور قائدین تلنگانہ عوام کو مایوس کررہے ہیں۔ بی جے پی کے استحکام کیلئے پارٹی قائدین کی کوشش ناکافی ہے۔ پارٹی قائدین کو اپنی ساری طاقت جھونک دینے کی ضرورت ہے تب ہی جاکر ٹی آر ایس کو اقتدار سے بیدخل کیا جاسکتا ہے۔ مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ نے کہا کہ صدر تلنگانہ بی جے پی بنڈی سنجے کی پدیاترا کو زبردست عوامی ردعمل حاصل ہورہا ہے۔ پارٹی کے دوسرے قائدین بھی عوام سے رابطے میں رہے۔ ٹی آر ایس حکومت کے عوام دشمن پالیسیوں کو عوام تک لے جانے پر زور دیا۔ اسمبلی حلقہ منگوڑ کے ضمنی انتخاب پر فوکس بڑھادینے کا مشورہ دیا اور کہا کہ ضمنی انتخاب کیلئے بی جے پی ایک کمیٹی تشکیل دے گی اور وہ ہمیشہ تلنگانہ کیلئے پارٹی قائدین کو دستیاب رہیں گے۔ن