بی جے پی قائد کی انوکھی منطق تیل کی قیمتوں میں اضافہ کا ذمہ دار ’’طالبان بحران ‘‘

   

بنگلورو: بی جے پی کے قائد اور ممبر پارلیمنٹ نے ملک میں پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ افغان طالبان کو قرار دے دیا ہے۔ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق کرناٹک سے بی جے پی کے رہنما اروند بیلاد نے پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا جواز پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’افغانستان میں طالبان بحران کی وجہ سے خام تیل کی فراہمی متاثر ہوئی۔‘’نتیجتاً ایل پی جی، پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔ ووٹرز قیمتوں میں اضافے کی وجوہات کو سمجھ سکتے ہیں۔‘ہندوستان دنیا کا تیسرا بڑا خام تیل کا صارف ہے لیکن افغانستان ہندوستان کو تیل فراہم کرنے والے ملکوںکی فہرست میں شامل نہیں۔روئٹرز کے مطابق ہندوستان کو جولائی 2021 تک خام تیل فراہم کرنے والے چھ ممالک میں عراق، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، نائجیریا، امریکہ اور کینیڈا شامل ہے۔جون میں روئٹرز نے کہا تھا کہ ہندوستان کی خام تیل کی درآمد آٹھ ماہ کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہے کیونکہ کمپنیوں نے کورونا وائرس کی دوسری لہر کے دوران پیداوار میں کمی کی تھی۔ہندوستان میں گذشتہ کئی مہینوں سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافے کی وجہ سے اپوزیشن اور عوام نریندر مودی کی حکومت پر شدید تنقید کر رہے ہیں۔حکومت نے اپنے دفاع میں کہا تھا کہ قیمتوں میں اس لیے کمی نہیں کی جاسکتی کیونکہ وہ کانگریس کی زیر قیادت یو پی اے حکومت کے کمپنیوں کو جاری کردہ آئل بانڈز کے اخراجات کو برداشت کر رہی ہے۔کانگریس قائدراہول گاندھی نے کہا تھا کہ حکومت نے گذشتہ سات برسوں میں 23 لاکھ کروڑ سے زیادہ کمائے ہیں۔