بی جے پی لیڈروں کی زبان مزید ناشائستہ ہوگی

   

ڈپٹی چیف منسٹر موریہ کے ٹوپی والے بیان پر اکھلیش یادو کا شدید ردعمل

لکھنؤ : سماج وادی پارٹی(ایس پی) سربراہ اکھلیش یادو نے کہا کہ بی جے پی کے خلاف عوام میں زبردست اشتعال سے خائف یوگی حکومت کے وزراء اور بی جے پی لیڈروں کی زبان انتخابات کے قریب آتے آتے مزید ناشائستہ ہوگی۔ اکھلیش نے اتوار کو ایس پی کارکنوں سے گونڈوانا سائیکل ریالی کو روانہ کرنے کے بعد میڈیا نمائندوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ حواس باختہ بی جے پی لیڈروں کی زبان ابھی اور گندی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ گونڈوانا گڑتنتر پارٹی کی سائیکل یاترا گاؤں گاؤں جاکر یوگی حکومت کی ناکامیوں سے عوام کو آگاہ کرے گی۔ اترپردیش کے نائب وزیر اعلی کیشوپرساد موریہ کے خاص کمیونٹی کے لوگوں کو نشانہ بنانے والے بیان کی جانب اشارہ کرتے ہوئے اکھلیش نے کہا کہ بی جے پی صرف نفرت کی سیاست کر کے سماج میں لوگوں کے درمیان ذات اور مذہب کی بنیاد پر تفرقہ پیدا کررہی ہے۔ اکھلیش نے موریہ کے جالی دار ٹوپ اور لنگی والے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہامجھے کسی کے بیان پر کچھ نہیں کہنا ہے ۔ جہاں تک پہناوے کی بات ہے بی جے پی ایسی ہی ناشائستہ زبان بولتی رہے گی۔ انتخابات جیسے جیسے قریب آئیں گے بی جے پی لیڈروں کی زبان خراب سے خراب تر ہوتی جائے گی۔ موریہ کا نام لئے بغیر اکھلیش نے طنز کرتے ہوئے یہ ضرور کہا کہ جنہیں حکومت میں بٹھانے کے لئے کرسی اور اسٹول تک نہیں ملا ہے ۔ جن کی نام کی تختی اکھاڑ کر پھنک دی گئی ہے وہ لوگ ایسی زبان کا استعمال کررہے ہیں۔ انہوں نے (موریہ) وزیراعلی کا پہناوا نزدیک سے دیکھا ہوگا اس لئے ایسی باتیں بول رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کیشو موریہ جی کا جھگڑا اپوزیشن سے نہیں ہے ان کا جھگڑا اپنے اندر کے لوگوں کے ساتھ ہے ۔اکھلیش نے حال ہی میں بجنور میں بی جے پی ایم ایل اے کے ذریعہ ایک سڑک حادثے میں ناریل پھوڑتے وقت ناریل کے بجائے سڑک ٹوٹنے کے واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی سے پوچھئے ناریل کا ٹوٹنا مبارک ہوتا ہے یا پھر سڑک کا ٹوٹنا مبارک ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج اگر بی جے پی لیڈروں سے کاروباریوں کی آمدنی کے بارے میں پوچھا جائے گا تو ان کے پاس کوئی جواب نہیں ہے۔ بیروزگاری پر اگر کوئی سوال کرے گا تو وہ کوئی جواب نہیں دے پائیں گے ۔