حیدرآباد: کانگریس رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے دعویٰ کیا کہ ہائی کمان انہیں پردیش کانگریس کی صدارت پر فائز کرے گا ۔ تاہم انہوں نے وضاحت کی کہ کسی اور کو صدر بنائے جانے پر وہ ہائی کمان کا فیصلہ قبول کریں گے ۔ اے آئی سی سی جنرل سکریٹری مانکیم ٹیگور سے ملاقات کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وینکٹ ریڈی نے کہا کہ نئے صدر کے بارے میں آئندہ چار دنوں میں ہائی کمان کا فیصلہ عوام کے درمیان آجائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی ہائی کمان کا فیصلہ ہر قائد اور کارکن کے لئے قابل قبول رہے گا ۔ انہوں نے وضاحت کی کہ پردیش کانگریس کی صدارت نہ ملنے پر وہ بی جے پی میں شمولیت اختیار نہیں کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ انکے جسم میں کانگریس کا خون ہے اور پارٹی تبدیل کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ پردیش کانگریس صدر کیلئے درکار تمام خوبیاں و اہلیت ان میں موجود ہے۔ تلنگانہ تحریک میں سرگرمی سے حصہ لیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پی سی سی صدر بنائے جانے پر راج شیکھر ریڈی کی طرح وہ گاؤں گاؤں پد یاترا کرتے ہوئے کانگریس کو دوبارہ برسر اقتدار لائیں گے۔ کانگریس پارٹی میں گروہ بندیوں سے متعلق سوال پر وینکٹ ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس میں بھی گروہ بندیاں موجود ہیں۔ کے ٹی آر کے علاوہ رکن پارلیمنٹ سنتوش کمار بھی چیف منسٹر کے عہدہ کی خواہش رکھتے ہیں۔