بی جے پی میں گھر واپسی کرسکتے ہیں دھرم سنگھ سائنی

   

سہارنپور: مغربی اترپردیش کی سیاست میں اچھا رسوخ رکھنے والے سماج وادی پارٹی لیڈر ڈاکٹر دھرم سنگھ سائنی نے پھر سے بی جے پی میں شامل ہونے کے اشارے دئیے ہیں۔ڈاکٹر سائنی نے چہارشنبہ کو بتایا کہ بی جے پی کے ریاستی صدر چودھری بھوپیندر سنگھ سے ان کی بات ہوچکی ہے ساتھ ہی وہ مغربی اترپردیش میں بی جے پی صدر موہت بینیوال کے ساتھ میٹنگ کرچکے ہیں۔ انہوں نے اشارہ دیا کہ اگلے تین۔ چار دنوں میں وہ اپنے حامیوں کے ساتھ بی جے پی میں شامل ہوسکتے ہیں۔ ان کیلئے یہ گھر واپسی جیسا ہوگا۔سائنی نے کہا کہ کھتولی میں وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی ریلی کے دوران ان کے بی جے پی میں شامل ہونے کی پیشکش کی چہ میگوئیاں بے بنیاد ہیں۔
وہ آج بی جے پی میں شامل ہونے نہیں جارہے ہیں۔ انہوں نے اپنے سہارنپور رہائش گاہ پر اس موضوع کو لیکر اپنے حامیوں کی میٹنگ بلائی ہے۔ ان کے حامی بھی بی جے پی میں جانے کو رضامند ہیں۔ملحوظ رہیکہ دھرم سنگھ سائنی یوپی اسمبلی انتخابات 2022 سے عین چند دن قبل بی جے پی چھوڑ کر ایس پی میں شامل ہوئے تھے۔انہوں نے ایس پی کے نشان پر قسمت آزمایا تھا لیکن اپنی سیٹ نہیں بچا پائے تھے اور ان کو شکست سے دوچار ہونا پڑا تھا۔