بی جے پی نے سب کچھ بیچ کر ملک کو کنگال کردیا:محبوبہ مفتی

   

جموں : پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) صدر و سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے الزام لگایا کہ بی جے پی حکومت نے پچھلے سات سال کے دوران سب کچھ بیچ کر ملک کو کنگال کر دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ٹی وی پر بڑا شور مچایا جا رہا ہے کہ طالبان عورتوں پر مظالم ڈھا رہا ہے لیکن اس کو نظرانداز کیا جاتا ہے کہ اس ملک میں تو ہر پندرہ منٹ میں ایک ‘ریپ’ ہوتا ہے ۔محبوبہ مفتی نے اتوار کو یہاں پی ڈی پی یوتھ ونگ کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا: ‘ان لوگوں (بی جے پی والوں) نے سات سال کے اندر 70 سال سے تعمیر کردہ ملکی ڈھانچہ تباہ و برباد کر دیا۔ سب کچھ بیچ ڈالا۔ جموں کے دکاندار پریشان ہیں کہ ریلائنس والے آ رہے ہیں۔ ان لوگوں نے تو پورے ملک کو کنگال کر دیا ہے ‘۔انہوں نے کہا کہ اب جموں کے لوگ بھی سمجھ گئے ہیں کہ دفعہ 370 ہماری حفاظت کرتا تھا۔ان کا مزید کہنا تھا: ‘وہ ہماری شناخت، زمین اور نوکریوں کو تحفظ فراہم کرتا تھا۔ یہ دفعہ 370 سنہ 1947 میں نہیں بلکہ مہاراجہ ہری سنگھ کے وقت بھی لاگو تھا’۔