’’بی جے پی ‘‘ واشنگ مشین … کرپٹ قائدین یکایک پاک!

,

   

کولکاتا میں چہارشنبہ کو چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی نے مرکز کی مودی حکومت کی جانب سے اپوزیشن کیخلاف جاری انتقامانہ مہم پر انوکھا احتجاج کرتے ہوئے اسٹیج پر ایک بڑی واشنگ مشین کیساتھ لانڈری کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے سیاہ کپڑا ’’بی جے پی واشنگ مشین‘‘ میں ڈالا جو یکایک سفید ہوگیا جسے مشین سے نکال کر چیف منسٹر نے عوام کی طرف لہرایا۔ اس موقع پر موجود ترنمول کانگریس کارکنان اور دیگر حاضرین نے مرکز کیخلاف نعرے لگائے۔

کولکتہ میں وزیر اعلیٰ مغربی بنگال ممتا بنرجی کا دھرنا

کولکتہ: مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ اور ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کی سربراہ ممتا بنرجی نے آج ایسپلانیڈ میں واقع بی آر امبیڈکر کے مجسمہ کے سامنے عوام کے ساتھ مودی حکومت کی بے حسی اور سوتیلا سلوک کے خلاف دو روزہ ہڑتال اور مظاہرے شروع کیا ۔ٹی ایم سی کی سربراہ نے الزام لگایا کہ مرکز نے ریاست کو منریگا پروجیکٹ اور اس کے ہاؤسنگ اور سڑکوں کے محکموں کے دیگر اقدامات کے لیے فنڈز جاری نہیں کئے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی زیرقیادت مرکزی حکومت پر مغربی بنگال کے کل واجبات ایک لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ ہیں۔ٹی ایم سی کی سربراہ نے الزام لگایا کہ مرکز نے منریگا اور اندرا آواس یوجنا (دیہی) کے لیے فنڈ جاری کرنا بند کر دیا ہے ۔ اس کے ساتھ ہی او بی سی طلبہ کی اسکالرشپ بھی روک دی گئی ہے ۔ بنرجی نے کہا کہمیں ریاستی حکومت کو بدنام کرنے اور ہماری ریاست کو اس کے واجبات سے محروم کرنے کی اس آمرانہ کوشش کے خلاف احتجاج کرنے کے لیے بنگال کے وزیر اعلیٰ کے طور پر یہ (دھرنا) جاری رکھوں گی۔وزیر اعلی کے طور پر یہ تیسری بار ہے جب بنرجی دھرنے پر بیٹھی ہیں۔دریں اثنا، بنرجی نے منگل کو ہگلی ضلع کے سنگور میں ‘پاتھ شری-راستہ شری’ پروجیکٹ کا افتتاح کیا۔ یہ ریاست کے 22 اضلاع میں سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور دیہی رابطہ مضبوط کرنے کے لئے 12,000 کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر کے ذریعے رابطہ بڑھانے کے لیے مغربی بنگال کی حکومت کا ایک اہم منصوبہ ہے ۔بنرجی نے کہاکہ پروجیکٹ کے تحت، بنگال 7,219 نئی سڑکیں دیکھے گا اور مزید 1,548 کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔ اس کے تحت تمام گرام پنچایتوں کے 29,475 سے زیادہ گاؤں کا احاطہ کیا جائے گا۔ یہ اسکیم روزگار کی فراہمی کو بھی یقینی بناتی ہے ۔ ماں مانش کی ترقی ہماری ترجیح ہے ۔دریں اثنا، بنرجی کے بھتیجے اور ٹی ایم سی رکن پارلیمنٹ ابھیشیک بنرجی آج مرکز کی ’’عوام دشمن‘‘ پالیسی اور مغربی بنگال حکومت کے ساتھ ’’سوتیلی ماں والا سلوک‘‘ کے خلاف ایک ریلی سے خطاب کریں گے ۔دوسری طرف، بی جے پی کے ریاستی صدر سکانت مجمدار بھی بدھ کو بنگال میں ٹی ایم سی کے دور حکومت میں بدعنوانی کے خلاف احتجاج میں دھرنے کی قیادت کریں گے ۔