بی جے پی کو ایک سال میں 2244 کروڑ کے ڈونیشن ، ملک میں سرفہرست

   

بی آر ایس کو 580 کروڑ کے عطیات، کانگریس 289 کروڑ کے ساتھ تیسرے نمبر پر، 10 سال میں بی آر ایس کو 1746 کروڑ کے عطیات
حیدرآباد ۔27۔ڈسمبر (سیاست نیوز) ملک میں سیاسی پارٹیوں کو ڈونیشن کی وصولی میں بی جے پی سرفہرست ہے جبکہ علاقائی پارٹیوں میں بی آر ایس کو ڈونیشن میں پہلا مقام حاصل ہواہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے سال 2023-24 کے دوران سیاسی پارٹیوںکو ملنے والے عطیات کی تفصیلات جاری کی گئیں۔ بی جے پی جو مرکز میں گزشتہ 10 برسوں سے برسر اقتدار ہے ، اسے ایک سال میں 2604.74 کروڑ کے عطیات وصول ہوئے جبکہ کانگریس پارٹی کو 281.38 کروڑ ڈونیشن ملا ہے۔ لوک سبھا انتخابات سے قبل 31 مارچ تک قومی اور علاقائی پارٹیوں کو حاصل ہونے والے ڈونیشن کی تفصیلات الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کی گئیں۔ 2019 لوک سبھا انتخابات سے قبل بی جے پی کو 740 کروڑ روپئے بطور عطیات وصول ہوئے تھے جبکہ کانگریس کو 146 کروڑ عطیات ملے۔ عام آدمی پارٹی کو محض 11.06 کروڑ کے عطیات حاصل ہوئے۔ علاقائی پارٹیوں کے زمرہ میں 2023-24 کے دوران بی آر ایس کو 580 کروڑ کے عطیات وصول ہوئے جو ملک کی دیگر علاقائی پارٹیوں کے مقابلہ زیادہ ہے۔ بی آر ایس نے ڈونیشن کے معاملہ میں کانگریس ، وائی ایس آر کانگریس اور تلگو دیشم کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے ۔ کانگریس کو قومی سطح پر 289 کروڑ ڈونیشن حاصل ہوئے جبکہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو 184 کروڑ اور تلگو دیشم کو 100 کروڑ کے ڈونیشن ملے۔ ٹاملناڈو کے برسر اقتدار ڈی ایم کے کو 60 اور ترنمول کانگریس کو محض 6 کروڑ کے عطیات ملے ہیں۔ ڈونیشن کے معاملہ میں 2014-15 سے بی آر ایس کے اکاؤنٹ میں بتدریج اضافہ ہوا ہے۔ 2014-15 میں بی آر ایس کو 8.67 کروڑ ڈونیشن حاصل ہوا تھا جبکہ 2015-16 میں یہ رقم گھٹ کر 0.76 کروڑ ہوگئی۔ 2016-17 میں 0.34 کروڑ اور 2017-18 میں 3.31 کروڑ کے عطیات وصول ہوئے تھے۔ 2018-19 میں 182.77 کروڑ کے عطیات وصول ہوئے جبکہ 2019-20 میں 89.55 کروڑ حاصل ہوئے۔ 2020-21 میں پارٹی کے ڈونیشن 415 کروڑ تک پہنچ گئے ۔ 2021-22 میں 193.90 کروڑ ، 2022-23 میں 683.08 کروڑ حاصل ہوئے۔ 2023-24 میں 580 کروڑ ڈونیشن کے ساتھ گزشتہ 10 برسوں میں بی آر ایس کو مجموعی طور پر 1746.53 کروڑ کے عطیات وصول ہوئے۔1