بی جے پی کو شکست یقینی : پرینکا گاندھی

,

   

کانگریس پارٹی نے حقیقی مسائل اٹھائے ۔نریندر مودی جواب تک نہ دے پائے

نئی دہلی 12 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے آج کہا کہ یہ بہت واضح رہے کہ لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کو شکست کا سامنا ہے کیونکہ عوام برہم ہیں اور مشکلات کا شکار ہیں۔ عوام اپنے جذبات کا رائے دہی کے ذریعہ اظہار کرینگے ۔ نئی دہلی میں اپنے ووٹ کا استعمال کرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے سینئر پارٹی لیڈر نے کہا کہ یہ بہت واضح رہے کہ بی جے پی حکومت اقتدار سے محروم ہو رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام میں برہمی ہے ۔ وہ مسائل کا شکار ہیں۔ نریندر مودی نے عوام کے حقیقی مسائل پر بات کرنے کی بجائے ہمیشہ غیر متعلق چیزوں پر بات کی ہے ۔ عوام اپنی برہمی اور ناراضگی کا اپنے ووٹ کے ذریعہ اظہار کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ خاص طور پر عوام کی ناراضگی کا اترپردیش میں اظہار دیکھنے کو ملے گا ۔بی جے پی کو یہاں بھاری نقصان ہوگا ۔ پرینکا گاندھی نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے انتخابات میں جو مسائل اٹھائے تھے نریندر مودی نے ان میں ایک بھی سوال کا جواب نہیں دیا ۔ وہ صرف فضولیات میں ملوث رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے حقیقی مسائل پر مہم چلائی ہے اور وزیر اعظم نے حقیقی مسائل پر مباحث کرنے کانگریس صدر راہول گاندھی کے چیلنج کا جواب تک نہیں دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مودی اور ان کی پارٹی نے 2014 میں عوام سے کئی وعدے کئے تھے ۔ ہر اکاونٹ میں پندرہ لاکھ روپئے جمع کروانے کا وعدہ کیا گیا تھا ۔ سالانہ دو کروڑ روزگار دینے کی بات کہی گئی تھی لیکن آج ومیر اعظم ان مسائل پر کوئی بات نہیں کرتے ۔ پرینکا گاندھی ووٹ ڈالنے اپنے شوہر کے ساتھ پہونچی تھیں۔ وزیر اعظم کی جانب سے نہرو ۔گاندھی خاندان کو مسلسل تنقیدوں کا نشانہ بنائے جانے پر سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیشہ مخالفین کی تنقیدوں کو صبر و تحمل کے ساتھ سہنے کی ضرورت ہوتی ہے ۔ اس طرح کی تنقیدوں سے انہیں کوئی فرق نہیں پڑتا ۔

انتخابات کے بعد کیا مودی وجئے چوک پر پھانسی لیں گے :کھرگے
بنگلورو ۔ /12 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے سینئر لیڈر ملکارجن کھرگے نے آج ایک بیان دیتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی سے سوال کیا کہ آیا ان کی پیش قیاسی کے مطابق اپوزیشن کانگریس جاریہ لوک سبھا انتخابات میں 40 سے زیادہ نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی تو وہ (مودی) وجئے چوک پر پھانسی لیں گے ۔ یہاں پر ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کھرگے نے کہا کہ وزیراعظم مودی نے ہی یہ کہا تھا کہ اگر کانگریس نے 40 سے زیادہ نشستوں پر کامیابی حاصل کی تو وہ پھانسی لیں گے ۔ انہوں نے یہ بھی دعویـ کیا تھا کہ جہاں کہیں مودی جارہے ہیں کانگریس کو 40 سے بھی زیادہ نشستیں نہیں ملیں گی ۔ کیا عوام اس بات سے متفق ہیں ۔ کھرگے نے کہا کہ ان انتخابات میں کانگریس کو نمایاں کامیابی مل رہی ہے ۔