حیدرآباد۔/28 فروری، ( سیاست نیوز) بی جے پی رکن پارلیمنٹ ڈی اروند نے آج مسلمانوں کو نریندر مودی کی تائید کیلئے ہموار کرنے کی کوشش کرتے ہوئے جنت اور جہنم کا حوالہ دیتے ہوئے ہر کسی کو حیرت میں ڈال دیا۔ ڈی اروند جو متنازعہ بیانات کیلئے شہرت رکھتے ہیں پارٹی کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ ملک کی ترقی اور عوام کی بھلائی کو یقینی بنانے والے نریندر مودی کی تائید کریں۔ انہوں نے یہاں تک کہہ دیا کہ کانگریس اور بی آر ایس کو ووٹ دینے پر جہنم ملے گی جبکہ بی جے پی کو ووٹ دینے پر جنت ملے گی۔ اروند کا کہنا تھا کہ ملک پر نریندر مودی کے کافی احسان ہیں اور مسلمانوں کیلئے بھی کئی اقدامات کئے گئے۔ طلاق ثلاثہ کو ختم کرتے ہوئے مسلم خواتین کو باعزت زندگی دی گئی۔ مودی حکومت مفت کھانا، مفت علاج، شادی مبارک کی رقم اور سیلف ہیلپ گروپس کو قرض دے رہی ہے باوجود اس کے اگر آپ لوگ کانگریس یا بی آر ایس کو ووٹ دیں گے تو اوپر والا جہنم میں ڈالے گا اور جنت نہیں ملے گی۔ انہوں نے ریمارک کیا کہ جس تھالی میں کھاتے ہیں اس میں چھید نہ کریں۔ جنت حاصل کرنا ہے تو اسے ووٹ دیں جو ملک کی خدمت اور حفاظت کررہا ہے ورنہ اوپر والا بھی آپ کو معاف نہیں کرے گا۔1