بی جے پی کی مخالفت کے باوجود پروہت اور گرنتھی سمان اسکیم :عآپ

   

نئی دہلی: عام آدمی پارٹی عآپ نے کہا ہے کہ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے کہ بی جے پی کتنی ہی مخالفت کرتی ہے ، دہلی میں عآپ کی حکومت بننے کے بعد اروند کجریوال پجاری اور گرنتھی سمان یوجنا کو نافذ کریں گے ۔ آپ کے سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا کے رکن سنجے سنگھ نے آج کہا کہ جب سے پجاریوں اور گرنتھیوں کو 18,000 روپے ماہانہ اعزازیہ دینے کا اعلان کیا گیا ہے ، تب سے پوری بی جے پی نے اروند کجریوال کو گالی دینا شروع کر دیا ہے ۔ بی جے پی کے ترجمان ٹی وی چینلوں پر شور مچا رہے ہیں کہ مولانا کو تنخواہ کیوں نہیں دی جا رہی؟ بی جے پی والے کہہ رہے ہیں کہ ان کے پاس پجاری اور گرنتھی کا منصوبہ کہاں سے آیا؟ پیسہ کہاں سے آئے گا؟ بی جے پی نے ہریانہ انتخابات کے وقت اپنے انتخابی منشور میں کہا تھا کہ وہ مساجد کے اماموں کی تنخواہوں میں اضافہ کرے گی۔ ہریانہ میں امام اور مولانا کی تنخواہ میں تقریباً 50 فیصد اضافہ کیا گیا۔ وہاں کے اماموں کو ہر ماہ تقریباً 16 ہزار روپے ملتے ہیں۔ جہاں دہلی میں اروند کجریوال پجاریوں اور گرنتھیوں کو 18000 روپے دینا چاہتے ہیں، وہیں بی جے پی اس کے خلاف کھڑی ہے ۔
سنگھ نے مزید کہا کہ بی جے پی اتنی نفرت سے کیوں بھری ہوئی ہے ؟ وہ پجاریوں اور گرنتھیوں سے اتنی نفرت کیوں کرتے ہیں؟ بی جے پی نے ہریانہ میں اماموں کو 16 ہزار روپے دیے ، جب کہ دہلی میں اگر اروند کجریوال 18 ہزار روپے پجاریوں اور گرنتھیوں کو دے رہے ہیں تو انہیں کیا مسئلہ ہے ؟ پورا ملک بی جے پی کے کردار کو دیکھ رہا ہے ۔ پورا ملک بی جے پی اور اس کے لیڈروں کو نفرت کی سیاست میں ڈوبے ہوئے دیکھ رہا ہے ۔
آپ کے لیڈر نے واضح طور پر کہا کہ بی جے پی کے لوگ چاہے جتنا بھی احتجاج کریں، اروند کجریوال دہلی کے مندروں کے پجاریوں اور گرودواروں کے گرنتھیوں کو ماہانہ 18,000 روپے دینے کی ضمانت پر 100 فیصد عمل درآمد کریں گے ۔ بی جے پی کی 22 ریاستوں میں حکومت ہے ، لیکن وہ کسی ایک ریاست میں پجاریوں کو تنخواہ نہیں دیتے ۔ اگر وہ کجریوال سے مقابلہ کرنا چاہتی ہے تو بی جے پی کو اپنی 22 ریاستوں میں پجاریوں کے لیے 18,000 روپے کے اعزازیہ کا اعلان کرنا چاہیے ۔