بی جے پی کی نفرت بھری سیاست ملک کیلئے نقصاندہ

,

   

بھائی چارہ کے ذریعہ نفرت کو شکست دینے کی اپیل :راہول گاندھی

نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی نفرت والی سیاست کو صرف بھائی چارہ سے شکست دی جاسکتی ہے۔ راہول گاندھی نے اتوار کو ٹوئٹ کر کے کہا کہ میں بھی یہی مانتا ہوں کہ بی جے پی کی نفرت سے بھری سیاست ملک کے لئے نقصاندہ ہے۔راہول گاندھی نے کل بھی ٹوئٹر پر ایک سوال کیا تھا کہ بی جے پی حکومت کی سب سے بڑی کمی کیا رہی؟ آج انہوں نے اس کا جواب دیا۔ راہول گاندھی نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’’میں بھی یہی مانتا ہوں کہ بی جے پی کی نفرت بھری سیاست ملک کے لئے نقصان دہ ہے۔ اور یہ نفرت ہی بے روزگاری کیلئے بھی ذمہ دار ہے۔‘‘راہول گاندھی نے مزید کہا کہ ’’ملکی اور غیرملکی صنعت بغیر سماجی امن و سکون کے نہیں چل سکتی۔ انہوں نے کہا کہ روز بروز اپنے آس پاس بڑھتی نفرت کو بھائی چارہ سے شکست دیں گے۔ کیا آپ میرے ساتھ ہیں؟‘‘ راہول گاندھی نے اپنے اس ٹوئٹ کے ذریعے پیغام دیا کہ ملک میں صنعتی ترقی اور سماجی ہم آہنگی کے لئے بھائی چارہ ضروری ہے اور نفرت بھری سیاست کو شکست دے کر ہی بھائی چارہ قائم کیا جا سکتا ہے۔ راہول گاندھی وزیراعظم نریندر مودی کو بیروزگاری کے بشمول مختلف معاملات میں تنقید کا نشانہ بناتے رہے ہیں جبکہ حالیہ عرصہ میں ہریدوار کے علاوہ دہلی میں منعقدہ دھرم سنسد میں نفرت انگیز اور اشتعال انگیز تقاریر پر انہوں نے بی جے پی کو سنگھ کے قائدین کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور عوام سے بھائی چارہ کی اپیل کی ہے۔