عمران پرتاپ گڑھی کی اقلیتی مشاورتی کونسل کا اجلاس ۔ اقلیتوں سے تبادلہ خیال
نئی دہلی 23مئی (یو این آئی) کل ہند کانگریس کمیٹی اقلیتی شعبہ کے صدر نشین و راجیہ سبھا رکن عمران پرتاپ گڑھی کی قیادت میں تشکیل دی گئی قومی مشاورتی کونسل کی پہلی میٹنگ آج نئی دہلی اندرا بھون میں منعقد ہوئی۔ قائد اپوزیشن راہول گاندھی نے مہمان خصوصی اور مقرر کی حیثیت سے شرکت کی۔ راہول گاندھی نے عمران پرتاپ گڑھی کے طرز کارکردگی اور ملک بھر سے کانگریس لیڈروں کے ساتھ مختلف سماجی، علاقائی اور اقلیتی طبقے سے تعلق رکھنے ذمہ داران و بااثر شخصیات کو کو اکٹھا کرنے کے اقدام کی تعریف کی۔ غور طلب ہے کہ قومی مشاورتی کونسل اپریل میں کانگریس لیڈر عمران پرتاپ گڑھی نے تشکیل دی تھی۔ میٹنگ میں ہندوستان کے سماجی تانے بانے اور آئینی اقدار کو درپیش بڑھتے چیلنجوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ میٹنگ میں کانگریس لیڈران و اراکین نے فرقہ وارانہ اور تفرقہ پھیلانے والی طاقتوں کی ہم آہنگی، بھائی چارہ اور آئین میں دی گئی جمہوری آزادیوں کو نقصان پہنچانے کی کوششوں پر تشویش کا اظہار کیا۔ کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے اقلیتی مشاورتی کونسل کی میٹنگ میں ملک بھر کے اقلیتی لیڈروں کو یقین دلایا کہ بی جے پی کی نفرت کی سیاست کے دن جلد ختم ہونے والے ہیں۔ ملک میں جو معاشی بحران آنے والا ہے وہ بی جے پی کی نفرت کی سیاست کے گھٹنے ٹیک دے گا۔ راہول گاندھی نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ آپ کو دھمکیاں دی جارہی ہیں اور پھنسایا جارہا ہے ، لیکن گھبرائیں نہیں، ملک آئین سے اور، محبت سے چلے گا، کانگریس ملک کے ہر مظلوم کے ساتھ کھڑی ہے ۔ انہوں نے اپیل کی کہ آپ سب متحد ہوکر اقلیتی شعبہ کے ساتھ آواز بلند کریں، سیاست میں حصہ لیں عمران پرتاپ گڑھی اور کانگریس کے ہاتھوں کو مضبوط کریں۔ عمران پرتاپ گڑھی نے کہا کہ مسلمانوں، عیسائیوں، جینوں، بدھوں اور سکھوں سمیت تمام اقلیتوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔تاہم راہول گاندھی بی جے پی اور اس کی ذیلی تنظیموں اور نفرت کے خلاف پوری طاقت کے ساتھ کھڑے ہیں، کانگریس اور عمران پرتاپ گڑھی ملک میں جو بھی مظلوم ہو گا اس کے ساتھ کھڑے رہیں گے ۔