بی جے پی کی ڈبل انجن والی حکومت میں عورت ہونا جرم بن گیا: راہول ۔پرینکا

   

نئی دہلی : کانگریس لیڈر راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی وڈرا نے اتر پردیش میں عصمت دری کی شکار دو بہنوں اور ان کے والد کی خودکشی کے واقعہ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈبل انجن میں خواتین کے ساتھ ‘دوہری ناانصافی’ ہے ۔ یہ کیا ہو رہا ہے کہ بی جے پی حکومتوں میں عورت ہونا جرم بن گیا ہے ۔راہول نے کہاکہ ‘‘ان دو واقعات سے نریندر مودی کی ڈبل انجن والی حکومتوں میں ہونے والی ‘ڈبل ناانصافی’ کو سمجھیں۔ اترپردیش میں دو بہنوں نے زیادتی کے بعد پھندہ لگاکر خودکشی کرلی، اب انصاف نہ ملنے اور مقدمہ واپس لینے کے دباؤ کے باعث ان کے والد کو بھی پھندہ لگاکر خودکشی کرنی پڑی۔ مدھیہ پردیش میں خاتون کی عزت خاک میں مل گئی، غریب شوہر نے انصاف کی فریاد کی تو دو بچوں سمیت پھندہ پر لٹک گیا، شنوائی نہ ہونے سے مایوس، ڈبل انجن والی حکومت میں انصاف مانگنا جرم ہے ۔ دوست میڈیا کے ذریعے بڑی محنت سے بنائی گئی جھوٹی تصویر کو بچانے کے لیے نہ صرف متاثرین بلکہ ان کے اہل خانہ کے ساتھ بھی دشمنوں جیسا سلوک بی جے پی کی حکومت والی ریاستوں میں ایک روایت بن چکی ہے ۔راہول نے کہاکہ ”ہاتھرس سے اناؤ اور مندسور سے پوڑی تک بی جے پی کے دور حکومت میں خواتین کے خلاف ہونے والے مظالم کے بعد ان کے خاندان انصاف کے لیے ترس رہے تھے ۔ اس ظلم کے خلاف آواز اٹھائیں ورنہ آج نہیں تو کل اس ظلم کی آگ آپ تک بھی پہنچے گی۔