مسلمانوں کو پسماندگی کی بنیاد پر تحفظات ، نئی دہلی میں پونم پربھاکر اور دوسروں کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 25 ۔ جولائی (سیاست نیوز) ریاستی وزراء پونم پربھاکر ، وی سری ہری اور کونڈا سریکھا نے کہا کہ کانگریس قائد راہول گاندھی نے ملک بھر میں سماجی انصاف کیلئے جو تحریک شروع کی ہے، اسے عوام کی غیر معمولی تائید حاصل ہوئی ہے ۔ نئی دہلی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ریاستی وزراء نے کہا کہ صدر کانگریس ملکارجن کھرگے اور راہول گاندھی سے تلنگانہ کے بی سی وزراء اور قائدین کی ملاقات ہوئی ۔ راہول گاندھی نے بھارت جوڑو یاترا کے موقع پر طبقاتی سروے کا جو وعدہ کیا تھا اسے کانگریس حکومت نے تلنگانہ میں پورا کیا۔ کانگریس برسر اقتدار آنے پر ملک بھر میں ذات پات پر مبنی مردم شماری کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ 4 فروری 2004 کو طبقاتی سروے کا فیصلہ کیا گیا اور لوک سبھا انتخابات کے سبب کسی قدر تاخیر ہوئی۔ ایک سال کی مدت میں سروے مکمل کرلیا گیا۔ 56 سوالات پر مبنی سوالنامہ کو پر کرتے ہوئے پسماندہ طبقات کی حقیقی آبادی کا پتہ چلایا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ انتہائی سائنٹفک انداز میں سروے منعقد کیا گیا جس پر شبہ کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ پونم پربھاکر نے بتایا کہ 4 فروری 2025 کو ریاستی کابینہ میں سریو رپورٹ کو منظوری دی اور 42 فیصد تحفظات کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں منظورہ بل صدر جمہوریہ کے پاس زیر التواء ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں کانگریس قائدین او بی سی طبقات سے انصاف کی مہم چلائیں گے ۔ ریاستی وزراء نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی بی سی تحفظات پر دوہرا معیاد اختیار کر رہی ہے۔ مسلم تحفظات کے نام پر بی سی تحفظات کی مخالف کی جارہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مسلمانوں کو تحفظات مذہبی کی بنیاد پر بلکہ پسماندگی کی بنیاد پر فراہم کئے گئے ہیں۔ وزیراعظم نریندر مودی اگر واقعی بی سی طبقہ سے تعلق رکھتے ہیں تو انہیں تحفظات بل کو منظوری دینا چاہئے۔1