ڈی ایم کے اس مسئلہ کو پارلیمنٹ میں بھی اٹھائے گی
حیدرآباد ۔ 6 ۔ اگست (سیاست نیوز) ڈی ایم کے کی رکن پارلیمنٹ کنی موزھی نے بی سی تحفظات کیلئے تلنگانہ کانگریس کی جانب سے دہلی میں منعقد کئے گئے احتجاج کی تائید کی اور اس بل کو منظوری دینے کا مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا۔ جنتر منتر پر منعقدہ کانگریس کے احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کنی موزھی نے کہا کہ سارے ملک میں تحفظات کی جو حد ہے 50 فیصد اس کو ختم کردینے کا مطالبہ کیا جارہا ہے تاکہ سماج کے تمام پسماندہ طبقات کے ساتھ انصاف کیا جاسکے۔ مرکزی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ اس عوامی مطالبہ پر ہمدردانہ غور کریں اور پسماندہ طبقات کو فائدہ پہنچانے کیلئے اس حد کو ختم کرنے کا تاریخی فیصلہ کریں۔ کئی دہوں سے پسماندہ طبقات کے ساتھ ناانصافی ہورہی ہے۔ ٹاملناڈو میں 69 فیصد تحفظات مل رہے ہیں۔ اس طرح کے تحفظات ملک کے دیگر ریاستوں میں کیوں نہیں دیئے جاسکتے۔ طویل عرصہ سے تحفظات کی حد میں اضافہ کرنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے ۔ کانگریس پارٹی سماجی انصاف اور تحفظات میں اضافہ کی جدوجہد کر رہی ہے۔ اس احتجاج کو ڈی ایم کے پارٹی مکمل تائید کرتی ہے۔ راہول گاندھی انڈیا اتحاد کے ساتھ مل کر مختلف عوامی مسائل پر پارلیمنٹ اور پارلیمنٹ کے باہر احتجاج کر رہے ہیں جس کی ڈی ایم کے تائید کر رہی ہے ۔ بی سی تحفظات میں اضافہ کرنے کیلئے چیف منسٹر تلنگانہ ریونت ریڈی نے جو تحریک شروع کی ہے ، وہ قابل ستائش ہے، جس کی ہم مکمل تائید کریں گے ۔ پارلیمنٹ میں اس مسئلہ کو اٹھاتے ہوئے مرکزی حکومت پر دباؤ بنایا جائے گا۔2