طبقاتی سروے اور ذیلی گروپس کے مسائل کا جائزہ
جی نرنجن کی صدارت میں کمیشن کا اجلاس
حیدرآباد 6 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ بی سی کمیشن کا اجلاس صدرنشین جی نرنجن کی صدارت میں منعقد ہوا۔ کمیشن کے ارکان آر جئے پرکاش، ٹی سریندر، بالا لکشمی اور ممبر سکریٹری شریمتی مایا دیوی آئی اے ایس نے شرکت کی۔ کمیشن نے ریاست میں طبقاتی سروے کے اہتمام سے متعلق کمیشن کی سفارشات کو قبول کرتے ہوئے اندرون 50 یوم ریاست بھر میں سروے کی تکمیل کا خیرمقدم کیا۔ پہلے سروے میں بچ جانے والے خاندانوں کو 16 تا 28 فبروری دوبارہ موقع دیا گیا تاکہ وہ اپنی تفصیلات شمار کنندگان کو درج کرائیں۔ بی سی کمیشن نے سابق میں کمیشن کی جانب سے کئے گئے فیصلوں پر عمل آوری کا جائزہ لیا۔ کونسل انتخابات کے ضابطہ اخلاق کے سبب کمیشن نے اضلاع میں دورہ کے پروگرام کو ملتوی کردیا تھا۔ کمیشن نے فیصلہ کیا ہے کہ مارچ کے اواخر میں دوبارہ اضلاع میں فیلڈ ویزٹ کا آغاز کیا جائے گا تاکہ طبقاتی سروے کے نتائج کا جائزہ لیا جاسکے۔ کمیشن کو ذیلی طبقات کی جانب سے کئی نمائندگیاں موصول ہوئی ہیں جن میں طبقات کے نام تبدیل کرنے کی اپیل کی گئی۔ کمیشن نے ذیلی طبقات کی حقیقی آبادی کا پتہ چلانے کیلئے محکمہ جاتی طور پر ملازمین کی تفصیلات طلب کی ہیں۔ محکمہ تعلیم میں اسکول، انٹرمیڈیٹ اور ہائیر ایجوکیشن کی سطح پر امیدواروں کی تفصیلات طبقات کے اعتبار سے طلب کی گئی ہیں۔ کالوجی نارائن راؤ ہیلت یونیورسٹی سے بھی طلبہ کی تفصیلات طلب کی گئیں۔ تلنگانہ بی سی کمیشن نے ذیلی طبقات کی مؤثر نمائندگی کیلئے حکومت کو سفارشات پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کمیشن کا احساس ہے کہ دوسرے سروے کے باوجود کئی ایسے خاندان ہیں جنھوں نے سروے میں حصہ نہیں لیا۔ اُن کیلئے مقامی دفاتر میں تفصیلات جمع کرنے کی سہولت کو برقرار رکھا جانا چاہئے۔ 1