تاجکستان کے ایرانی سفارتخانہ میں جشن نوروز کی تقریب

   

دوشنبہ: تاجکستان میں سعودی عرب کے سفیر نے دارالحکومت دوشنبہ میں قائم ایران کے سفارتخانے میں ’’نوروز‘‘نئے فارسی سال کے موقع پر منعقدہ ایک تقریب میں شرکت کی۔ جمعرات کو تقریب کے دوران دوشنبہ میں سعودی سفیر ولید الرشیدان نے اپنے ایرانی ہم منصب محمد تقی صابری سے ملاقات کی۔ایرنا کے ٹیلیگرام چینل پر پوسٹ کی گئی تصاویر میں دونوں سفیروں کو ایک دوسرے سے ہاتھ ملاتے اور گلے ملتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔اس موقع پر ایرانی سفیر صابری نے دونوں ممالک کے تعلقات کے حوالے سے کہا کہ ” مغربی ایشیا کے خطے میں اسلامی دنیا کے دو بااثر اور اہم ممالک کے طور پر، ایران اور سعودی عرب کے تعلقات ایک نئے رجحان کی بنیاد اور خطے کے ممالک اور اقوام کے مفادات کی خدمت میں بڑھتے ہوئے کردار کی بنیاد بن سکتے ہیں۔ “اس ماہ کے شروع میں دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کے اعلامیے کے بعد سے ایسی کئی مثبت پیش رفتیں سامنے آرہی ہیں۔چین کی ثالثی میں کیے گئے معاہدے کے تحت، سعودی عرب اور ایران سے توقع ہے کہ وہ دو ماہ کے اندر اپنے سفارتخانہ اور مشن دوبارہ کھولیں گے، ساتھ ہی 20 سال قبل طے پانے والے سیکیورٹی اور اقتصادی تعاون کے معاہدوں پر عمل درآمد بھی کریں گے۔