تارکین وطن کی ایک اور کشتی ڈوب گئی،6 افراد ہلاک

   

لندن : انگلش چینل میں تارکین وطن سے بھری کشتی ڈوبنے سے 6 فراد ہلاک ہو گئے جبکہ 50 کے قریب افراد کو بچا لیاگیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اس حادثہ میں اب بھی10 افراد لاپتہ ہیں۔حکام نے بتایا کہ برطانوی اور فرانسیسی کوسٹ گارڈز نے 50کے قریب افراد کو ڈوبنے سے بچا لیا ہے، ڈوور میں کئی لوگوں کو لائف بوٹ سے اسٹریچرز پر اتارتے ہوئے دیکھا گیا لیکن زخمیوں کی حتمی تعداد ابھی تک واضح نہیں ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وہاں سے گزرنے والے ایک جہاز نے سب سے پہلے خطرے کی گھنٹی بجائی کہ ایک اوور لوڈڈ کشتی کیلیس کے قریب سنگاٹے کے ساحل پر مشکل میں ہے، جب فرانسیسی لائف بوٹ موقع پر پہنچی تو انہیں سمندر میں بے شمار لوگ نظر آئے۔ ڈوور لائف بوٹ، جو پہلے ہی چینل میں موجود تھی اور جو تارکین وطن کو لے جانے والی ایک اور کشتی سے نمٹ رہی تھی، ریسکیو آپریشن میں شامل ہو گئی۔ امدادی کشتی میں سوار ایک رضاکار نیبتایا کہ کشتی پر بہت زیادہ لوگ سوار تھے اور تارکین وطن ڈوبتی ہوئی کشتی سے پانی نکالنے کے لیے جوتے استعمال کر رہے تھے۔