دورہ امریکہ کی اجازت نہ دینا تلنگانہ عوام کی توہین،سیاسی وجوہات کی وضاحت کا مطالبہ، تفصیلات مخفی رکھنے کا الزام مسترد
حیدرآباد۔24۔اگسٹ (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے مرکزی حکومت کی جانب سے دورہ امریکہ کی اجازت نہ دیئے جانے کو تلنگانہ عوام کی توہین قرار دیا اور کہا کہ گجرات کی قیادت تلنگانہ کی ترقی میں رکاوٹ پیدا کر رہی ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا ، ریاستی وزراء اور ارکان اسمبلی کے ہمراہ سکریٹریٹ میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے سیاسی وجوہات کا بہانہ بناکر دورہ امریکہ کی اجازت نہ دیئے جانے پر مودی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی ابھی بھی ملک کے وزیراعظم سے زیادہ گجرات کے چیف منسٹر کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ نے امریکہ کی اجازت نہ دینے کے لئے سیاسی وجوہات کو بنیاد بنایا ہے اور اس سلسلہ میں مرکز کو وضاحت کرنی چاہئے ۔ چیف منسٹر نے واضح کیا کہ برطانیہ اور امریکہ کے دورہ کے سلسلہ میں وزارت خارجہ کو تمام تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔ یونیورسٹیز اور اسپورٹس کے اداروں کے معائنے کے علاوہ سرمایہ کاروں سے ملاقات سے وزارت کو واقف کیا گیا۔ دورہ کا مقصد تعلیم اور اسپورٹس کے مرکز میں تلنگانہ کو تبدیل کرنے کے علاوہ ویژن 2047 کی تکمیل بتایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے کسی بھی پروگرام کو مخفی نہیں رکھا لیکن وزارت خارجہ نے سیاسی وجوہات کا بہانہ بناکر دورہ کی اجازت نہیں دی۔ ریونت ریڈی نے وزیراعظم سے سوال کیا کہ گجرات کے چیف منسٹر بھوپیندر پٹیل کو جاریہ سال امریکہ کے دورہ کی اجازت دی گئی لیکن تلنگانہ چیف منسٹر کو اجازت کیوں نہیں؟ چیف منسٹر نے کہا کہ لندن میں کیمبرج یونیورسٹیز ، یونیورسٹی آف لندن ، لندن اسکول آف اکنامکس ، لندن بزنس اسکول اور اسپورٹس کے اداروں کے ذمہ داروں سے ملاقات کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ دورہ کی اجازت نہ دینا 4 کروڑ تلنگانہ عوام کی توہین کے مترادف ہے۔ انہوں نے تلنگانہ کے ساتھ جانبداری کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ گجرات کی قیادت تلنگانہ کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ پیدا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گجرات کے چیف منسٹر نے گزشتہ دنوں امریکہ اور کینیڈا کا 8 روزہ دورہ کرتے ہوئے وائبرینٹ تلنگانہ 2047 کے لئے سرمایہ کاروں کو گجرات میں سرمایہ کاری کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی ترقی اور سرمایہ کاری میں رکاوٹ کیلئے سیاسی وجوہات کو بنیاد بناکر دورہ کی اجازت نہیں دی گئی۔ انہوں نے واضح کیا کہ امریکہ کے دورہ میں وہ کسی ایسے شخص سے ملاقات کرنے والے نہیں تھے جو مخالف ہندوستان ہو۔ اس بارے میں غلط تشہیر کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کی راہ میں مرکز کی جانب سے رکاوٹ تلنگانہ کے ساتھ جانبداری کا واضح مظاہرہ ہے۔ جانبداری کے خلاف پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں کانگریس پارٹی آواز اٹھائے گی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ مرکز نے وفاقی نظریہ کی خلاف ورزی کی ہے۔ تلنگانہ حکومت کے عہدیداروں کو امریکہ روانہ کیا گیا تاکہ تعلیم اور اسپورٹس کے اداروں سے ملاقات کی جاسکے۔1/K/i
انہوں نے کہا کہ اہم شخصیتوں اور خاص طور پر چیف منسٹر کے دورہ کی ہندوستانی سفارتخانہ کی جانب سے مکمل نگرانی کی جاتی ہے اور ہر اجلاس اور ملاقات میں سفارتخانہ کے عہدیدار شریک ہوتے ہیں۔ تمام تر تفصیلات مرکزی حکومت کو روانہ کی جاتی ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ وزیر خارجہ جئے شنکر مختلف ممالک میں ہندوستان کے سفیر رہ چکے ہیں۔ باوجود اس کے دورہ امریکہ کی اجازت سے انکار ریاست کے ساتھ کھلی جانبداری ہے۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ 7 تا 9 ڈسمبر حیدرآباد میں تلنگانہ رائزنگ انویسٹمنٹ سمٹ منعقد ہورہا ہے جس میں امریکہ اور دیگر ممالک کے مندوبین شریک ہوں گے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ میں سرمایہ کاری کیلئے حکومت کی مساعی جاری رہے گی۔1/k