تاریخی قلعہ گولکنڈہ میں ریونت ریڈی یوم آزادی کو قومی پرچم لہرائیں گے

   

چیف سکریٹری کا جائزہ اجلاس، اہم عمارتوں کو روشنی سے منور کرنے کی ہدایت
حیدرآباد 26 جولائی (سیاست نیوز) چیف سکریٹری شانتی کماری نے یوم آزادی تقاریب کے انعقاد کے سلسلہ میں عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ اُنھوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ یوم آزادی تقاریب کے شایان شان انعقاد کیلئے ہرممکن انتظامات کریں۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس جیتندر، جی اے ڈی سکریٹری رگھونندن راؤ کے علاوہ پولیس، برقی، بلدی نظم و نسق، آر اینڈ بی اور دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ چیف سکریٹری نے کہاکہ یوم آزادی تقاریب کا تاریخی گولکنڈہ قلعہ میں انعقاد عمل میں آئے گا۔ پرچم کشائی سے قبل چیف منسٹر ریونت ریڈی پریڈ گراؤنڈ پر شہیدوں کی یادگار پر گلہائے عقیدت پیش کریں گے۔ چیف سکریٹری نے محکمہ جات کو مشورہ دیا کہ وہ آپسی تال میل کے ذریعہ انتظامات کو قطعیت دیں اور اپنی اپنی ذمہ داری کی تکمیل کریں۔ محکمہ پولیس سے کہا گیا ہے کہ وہ قلعہ گولکنڈہ میں اہم شخصیتوں کی شرکت کے پیش نظر اُن کی آمد اور روانگی کے مقامات کے تعین کے علاوہ پارکنگ کے مؤثر انتظامات کریں۔ چیف سکریٹری نے آر اینڈ بی ڈپارٹمنٹ کو مین ڈائس کے انتظامات کا مشورہ دیا۔ اُنھوں نے کہاکہ ڈائس کی نوعیت ایسی ہو کہ چیف منسٹر کو خطاب کے دوران مدعوئین دیکھ سکیں۔ یوم آزادی کے سلسلہ میں اسمبلی، قانون ساز کونسل، ہائی کورٹ، راج بھون اور سکریٹریٹ کو روشنی سے منور کیا جائے گا۔ بلدی نظم و نسق کے عہدیداروں کو صحت و صفائی اور عارضی ٹائلیٹس کے انتظام کی ہدایت دی گئی۔ محکمہ ہیلت کے عہدیداروں کو ایمبولنس اور دیگر طبی خدمات کی ہدایت دی گئی۔ چیف سکریٹری نے ڈائرکٹر جنرل فائر سرویسیس اور صدرنشین و منیجنگ ڈائرکٹر پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن کو آتش فرو آلات اور بلاوقفہ برقی سربراہی کے سلسلہ میں ہدایت دی۔ کلچرل ڈپارٹمنٹ کی جانب سے تہذیبی پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔ تقاریب کا ریہرسل 10 اگسٹ سے شروع ہوگا جبکہ 13 اگسٹ کو پولیس ملازمین ڈریس کے ساتھ ریہرسل کریں گے۔ 1