تاریخی مکہ مسجد کے لیے متحدہ عرب امارات حکومت سے 1500 کیلو کھجور کا عطیہ

,

   

روزانہ 4,000 روزہ داروں کی موجودگی ، افطار میں روح پرور مناظر
حیدرآباد ۔ 22۔ مئی (سیاست نیوز) تاریخی مکہ مسجد میں رمضان المبارک کے دوران روزانہ 3 تا 4 ہز ار فرزندان توحید افطار اور نماز مغرب کی سعادت حاصل کر رہے ہیں۔ روزانہ بعد نماز عصر روزہ داروں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے ۔ مرد و خواتین معصوم روزہ داروں کے ساتھ مسجد کے صحن میں اپنا اپنا دسترخوان بچھاکر سائرن کا انتظار کرنے لگتے ہیں۔ مغرب سے قبل مسجد میں روحانی منظر دکھائی دیتا ہے ۔ مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد جو رمضان کی شاپنگ کیلئے پرانے شہر پہنچتے ہیں ، وہ افطار مکہ مسجد میں کرتے ہیں ۔ اس کے علاوہ تاریخی مکہ مسجد میں افطار کی سعادت حاصل کرنے کیلئے دور دراز کے علاقوں سے ضعیف اور افراد اور نوجوان بطور خاص پرانے شہر کا رخ کرتے ہیں۔ سپرنٹنڈنٹ مکہ مسجد جناب عبدالقدیر صدیقی کی نگرانی میں روزہ داروں کے لئے انتظامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات کی حکومت نے جاریہ سال 1500 کیلو کھجور بطور تحفہ مکہ مسجد کیلئے روانہ کئے ہیں۔ گزشتہ سال تین ہزار کیلو کھجور روانہ کئے گئے تھے ۔ اس کے علاوہ تلنگانہ حکومت نے مکہ مسجد اور شاہی مسجد کیلئے 1500 کیلو کھجور روانہ کئے۔ 500 کیلو کھجور شاہی مسجد میں افطار کے موقع پر تقسیم کئے جارہے ہیں جبکہ 1000 کیلو مکہ مسجد کیلئے مختص کئے ۔ روزانہ 60 تا 70 کیلو کھجور مکہ مسجد میں تقسیم کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اتوار کے دن 5 تا 6 ہزار روزہ دار مسجد میں موجود رہتے ہیں، اس دن خریداری کیلئے آنے والے افراد کی تعداد زیادہ ہوتی ہے۔ مکہ مسجد میں روزانہ صفائی کیلئے 10 رکنی اسٹاف کا تقرر کیا گیا۔

ایک ماہ کیلئے یہ عارضی تقرر عمل میں آیا ہے تاکہ مسجد میں صفائی کا موثر انتظام ہو۔ بیت الخلاء کی صفائی کیلئے 6 رکنی عملہ متعین کیا گیا ۔ ہر سال مجلس بلدیہ کی جانب سے بیت الخلاء کی صفائی کیلئے اسٹاف روانہ کیا جاتا تھا لیکن جاریہ سال کوئی اسٹاف نہیں بھیجا گیا ۔ مسجد میں بلا وقفہ برقی کی سربراہی کو یقینی بنانے کیلئے دو خودکار جنریٹر نصب ہیں۔ رمضان المبارک کے آغاز سے اب تک برقی کٹوتی کا سامنا نہیں ہوا ۔ مسجد کو انتہائی خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا ہے اور یہ سجاوٹ عیدالفطر تک برقرار رہے گی۔ مسجد کے احاطہ میں واٹر ورکس کی جانب سے پانی کا اے ٹی ایم قائم کیا گیا جس میں کوائن کے استعمال کے ذریعہ پانی حاصل کیا جا سکتا ہے۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم نے محکمہ واٹر ورکرس کے ایک عہدیدار سے بات چیت کرتے ہوئے اے ٹی ایم کو مسجد میں فری کردیا ہے ، بہت جلد اس میں ٹھنڈے پانی کی سہولت فراہم کردی جائے گی ۔ جاریہ رمضان المبارک انتخابی ضابطہ اخلاق کے سبب دو جمعے کسی بھی جلسہ یوم القرآن کے بغیر گزر گئے ۔ تیسرا جمعہ 24 مئی کو مقرر ہے اور حکومت نے ابھی تک تیسرے اور چوتھے جمعہ کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ریاست میں 27 مئی تک انتخابی ضابطہ اخلاق کے سبب جاریہ ماہِ رمضان مسجد میں جلسوں کی اجازت نہیں دی جائے گی۔