پولیس کو الیکشن کمیشن کی ہدایت، گریجویٹ الیکشن میں بوگس ووٹ کا استعمال
حیدرآباد: الیکشن کمیشن نے پولیس کو ہدایت دی ہے کہ تانڈور میونسپلٹی کے چیر پرسن ٹی سوپنا کے خلاف تلبیس شخصی کا مقدمہ درج کیا جائے ۔ حالیہ ایم ایل سی الیکشن میں بوگس ووٹ استعمال کرنے پر چیر پرسن کے خلاف کارروائی کی ہدایت دی گئی ہے ۔ اپوزیشن جماعتوں نے الیکشن کمیشن سے شکایت کی تھی کہ میونسپل چیر پرسن سوپنا نے دوسرے رائے دہندے کا ووٹ استعمال کرتے ہوئے انتخابی قواعد کی خلاف ورزی کی ہے ۔ چیف الیکٹورل آفیسر کی رپورٹ کی بنیاد پر الیکشن کمیشن نے کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ ضلع کلکٹر وقار آباد نے اس معاملہ میں چیف الیکٹورل آفیسر کو رپورٹ پیش کی تھی ۔ تحقیقات میں یہ ثابت ہوا ہے کہ سوپنا نے محبوب ، رنگا ریڈی اور حیدرآباد گریجویٹ نشست کے لئے 14 مارچ کو ہوئی رائے دہی میں بوگس ووٹ کا استعمال کیا تھا۔ ضلع کلکٹر اور ریٹرننگ آفیسر پی باسو کی تحقیقاتی رپورٹ میں یہ الزام درست ثابت ہوا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سوپنا گریجویٹ الیکشن میں رائے دہندہ کے طور پر درج نہیں ہے ۔ انہوں نے اسی نام سے تعلق رکھنے والی دوسری خاتون کے ووٹ کا استعمال کیا۔ فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت کے موقع پر میونسپلٹی چیر پرسن اپنی ڈگری سرٹیفکٹ پیش کرنے میں ناکام رہی تھی۔ کانگریس اور تلنگانہ جنا سمیتی کی جانب سے چیف الیکٹورل آفیسر ششانگ گوئل کو شکایت کی گئی ۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے پولیس کو مقدمہ درج کرنے کی ہدایت کے بعد اپوزیشن جماعتوں نے سوپنا سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس پارٹی کو ان کے خلاف تادیبی کارروائی کرنی چاہئے ۔