’ترانہ احتجاج‘، ایرانی ٹیم پر کوئی دباؤ نہیں

   

دوحہ : ایرانی کھلاڑیوں نے مظاہرین کے خلاف جاری کریک ڈاؤن پر احتجاج کرتے ہوئے ملکی قومی ترانہ نہیں گایا تھا۔ تاہم فارورڈ کھلاڑی مہدی تریمی نے کہا ہے کہ کھلاڑی ایرانی حکومت کی جانب سے کسی دباؤ کا شکار نہیں ہیں۔ عالمی کپ فٹ بال کے پہلے میچ میں ایرانی کھلاڑیوں نے ملک میں حکومت مخالف مظاہرین کرنے والوں کے خلاف سخت ترین حکومتی کریک ڈاؤن پر احتجاجاً قومی ترانہ نہیں گایا تھا۔ میچ سے قبل جب ایران کا قومی ترانہ شروع ہوا، تو ایرانی ٹیم کے کھلاڑی قومی ترانے میں شامل ہونے کی بجائے خاموشی سے کھڑے رہے۔ یہ ان کھلاڑیوں کی جانب سے حکومت مخالف مظاہرین کے ساتھ یکجہتی کا ایک اظہاریہ تھا۔ جمعہ کے روز گروپ بی کے ویلز کے خلاف اپنے دوسرے میچ سے قبل پریس کانفرنس میں تریمی نے کہا کہ میں سیاسی معاملات پر بات نہیں کرنا چاہتا، مگر ہم دباؤ میں نہیں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہمجھے معلوم تھا کہ اس طرح کا سوال ضرور پوچھا جائے گا، اس لیے اس سے فرق نہیں پڑتا کہ میں کیا کہتا ہوں، جس نے لکھنا ہے وہ لکھے گا۔ اس لیے میں سیاسی معاملات پر فقط اپنی نجی حلقے یا نجی سوشل میڈیا پر بات کرتا ہوں۔ یہ بات اہم ہے کہ تریمی ہی نے ایران کی جانب سے انگلینڈ کے خلاف دونوں گول کیے تھے، انہوں نے کہا، ہم یہاں فٹ بال کھیلنے آئے ہیں، صرف ہم نہیں قطر میں تمام کھلاڑی اسی لیے پہنچے ہیں۔ ان کا کہنا تھا، میں اور مجھ جیسے ہزاروں انسان یہ طاقت رکھتے ہیں کہ کچھ تبدیلی لا سکیں۔