ترقیاتی کاموں کے سینکڑوں کروڑ کے بلز کی عدم اجرائی سے بحران

   

سرپنچ مزدوری پر مجبور، رچہ بنڈہ پروگرام سے اتم کمار ریڈی کا خطاب

حیدرآباد۔/29 مئی، ( سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے مطالبہ کیا کہ پلے پرگتی پروگرام کے پانچویں مرحلہ کے آغاز سے قبل زیر التواء بلز جاری کریں۔ شہری اور دیہی علاقوں کی ترقی سے متعلق پلے پرگتی اور پٹنا پرگتی پروگرام کا 3 جون سے آغاز ہورہا ہے۔ اتم کمار ریڈی نے سوریہ پیٹ ضلع میں رچہ بنڈہ پروگرام کے 9 ویں دن مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ پارلیمانی حلقہ کے تحت 318 گاؤں اور 3 میونسپلٹیز ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے ابھی تک 56 گاؤں اور ایک میونسپلٹی کا احاطہ کرتے ہوئے کسانوں کو ورنگل ڈیکلریشن سے واقف کرایا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کئی سو کروڑ کے ترقیاتی کاموں سے متعلق بلز جاری نہیں کئے گئے جو ابتدائی 4 مرحلوں کے ہیں۔ بلز کی عدم اجرائی کے نتیجہ میں گرام پنچایتوں میں معاشی بحران پیدا ہوچکا ہے۔ گرام پنچایتوں اور سرپنچوں کو عوامی دباؤ کا سامنا ہے اور کئی سرپنچوں نے خودکشی کرلی۔ اتم کمار ریڈی نے اس مسئلہ پر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ہنمکنڈہ سے تعلق رکھنے والے سرپنچ وشواناتھ کا حوالہ دیا جو 8 لاکھ روپئے کا قرض ادا کرنے کیلئے روزانہ محنت مزدوری پر مجبور ہوچکے ہیں۔ انہوں نے حضورآباد اور کوداڑ میں کئی پنچایتوں کا حوالہ دیا جہاں 2 تا 10 لاکھ روپئے کے بلز کی ادائیگی باقی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پلے پرگتی کے تحت دیہاتوں کی سطح پر زیر التواء کاموں کے سلسلہ میں وائیٹ پیپر جاری کریں۔ر