نئی دہلی: مرکزی وزیر برائے صحت وخاندانی بہبود ر جگت پرکاش نڈا نے آج کہا کہ تروملا تروپتی پرساد کے معاملے میں آندھرا پردیش حکومت سے رپورٹ طلب کی گئی ہے اور اس پر مناسب کارروائی کی جائے گی۔ یہاں ایک پریس کانفرنس میں صحت و خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت کی 100 دن کی کامیابیوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے نڈا نے کہا کہ تروملا تروپتی بالاجی مندر کے پرساد میں ملاوٹ کا معاملہ سامنے آیا ہے ۔ یہ اطلاع سوشل میڈیا کے ذریعے سامنے آئی ہے ، اس لیے آندھرا پردیش حکومت سے اس سلسلے میں تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔ نڈا نے کہا کہ میں نے صبح آندھرا پردیش کے وزیر اعلی چندرا بابو نائیڈو کو فون کیا اور ان سے اس سلسلے میں تفصیلات معلوم کی۔ میں نے ان سے کہا ہے کہ وہ اس سلسلے میں مکمل تفصیلات بھیجیں۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں فوری کارروائی کی جائے گی اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ایک نظام وضع کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ رپورٹ کی جانچ کے بعد پرساد میں ملاوٹ کے معاملے میں مناسب اور قانونی کارروائی کی جائے گی۔