ترکی سویڈن اور فن لینڈ کی نیٹو میں شمولیت کی مخالفت بند کرے: لکسمبرگ

   

لکسمبرگ : لکسمبرگ کے وزیر خارجہ ژاں ایزلبورن نے ترکی پر زور دیا کہ وہ سویڈن اور فن لینڈ کی نیٹو میں شمولیت کی مخالفت ترک کر دے۔ ایزلبورن نے کہا کہ نیٹو کے 30 موجودہ ارکان میں سے کسی کو بھی دونوں ممالک کی رکنیت کی مخالفت نہیں کرنی چاہیے۔ فن لینڈ اور سویڈن دونوں طویل عرصے سے عسکری طور پر غیر جانبدار رہے ہیں لیکن اب ایسے آثار نظر آ رہے ہیں کہ نیٹو کی رکنیت کے لیے یہ دونوں ممالک درخواست دینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ترک وزیر خارجہ مولوت چاؤش اوغلو نے فن لینڈ اور سویڈن پر دہشت گرد تنظیموں کردستان ورکرز پارٹی (PKK) اور شام میں اس سے وابستہ YPG ملیشیا جیسی تنظیموں کی حمایت کا الزام عائد کیا ہے۔ ترکی میں ان دونوں تنظیموں پر پابندی عائد ہے۔ ترک وزیر خارجہ کے مطابق ترکی کی اکثریتی آبادی سویڈن اور فن لینڈ کی نیٹو میں رکنیت کی مخالفت کرتی ہے۔ دریں اثناء فن لینڈ کے وزیر خارجہ پیکا ہاودسٹو نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ ترکی کے تحفظات کا کوئی حل نکل آئے گا۔