ترک سفیرکی وزیر خارجہ بلاول بھٹو سے ملاقات

   

اسلام آباد : پاکستان میں ترکیہ کے سفیر مہمت پاچاجی نے وزیر خارجہ پاکستان بلاول بھٹو زرداری سے دفتر خارجہ میں ملاقات کی۔دفتر خارجہ کے مطابق اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی گہرے برادرانہ عوامی تعلقات ہیں، دونوں ممالک ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں حالیہ تباہ کن سیلاب کے دوران ترکیہ کی جانب سے معاونت قابل تحسین ہے۔ترک سفیر مہمت پاچاجی نے زلزلے کے دوران پاکستان کی جانب سے بہترین تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ملاقات میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دو طرفہ اور کثیرالجہتی فورمز میں تعاون کے لئے عزم کا اظہار کیا گیا جبکہ دونوں ممالک نے تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، علاقائی تعاون، تعلیم اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے حوالے سے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔