سرکاری اسکولوں میں انفراسٹرکچر کا فروغ، ایجوکیشن ایکسپو 2025 سے ریاستی وزیر کا خطاب
حیدرآباد 23 مئی (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈی سریدھر بابو نے کہاکہ ہر شہری کو معیاری تعلیم کی فراہمی تلنگانہ حکومت کا بنیادی نظریہ ہے اور چیف منسٹر ریونت ریڈی نے نظام تعلیم کو بنیادی سطح تک بہتر بنانے کے لئے کئی اصلاحات شروع کئے ہیں۔ سریدھر بابو نے کیاب کنسلٹنٹس اور ٹی وی 9 کی جانب سے مشترکہ طور پر منعقدہ ایجوکیشن ایکسپو 2025 کا افتتاح کیا۔ ریاستی وزیر نے کہاکہ ہر کسی کو معیاری تعلیم کی فراہمی کے مقصد سے حکومت نے سرکاری اسکولوں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر توجہ مرکوز کی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اقامتی اسکولوں اور ہاسٹلس میں بنیادی انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت کی ترجیحات میں تعلیم و صحت شامل ہیں۔ سابق بی آر ایس دور حکومت میں تعلیم کے شعبہ کو بُری طرح فراموش کردیا گیا تھا جبکہ کانگریس حکومت نے کئی فیصلہ کن اقدامات کئے ہیں۔ تعلیمی شعبہ کی ترقی کا حوالہ دیتے ہوئے سریدھر بابو نے یاد دلایا کہ 1990ء میں کانگریس دور حکومت میں سرکاری اسکولوں کو مستحکم کیا گیا تھا۔ بعد میں خانگی تعلیمی اداروں کی حوصلہ افزائی کی گئی جس کے نتیجہ میں سرکاری اسکولس نظرانداز کردیئے گئے۔ اُنھوں نے کہاکہ سرکاری اسکولوں میں عالمی معیار کی تعلیمی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ خانگی اور کارپوریٹ اسکولوں کے معیار کے مطابق سرکاری اسکولوں کو ترقی دی جارہی ہے۔ تلنگانہ میں نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے حکومت نے اسکل یونیورسٹی کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ہر سال 2 لاکھ 50 ہزار طلبہ گرائجویشن کی تکمیل کررہے ہیں لیکن اِن میں سے زیادہ تر صنعتی شعبہ کے لئے درکار صلاحیتوں سے محروم ہیں۔ اُنھوں نے خانگی تعلیمی اداروں سے اپیل کی کہ وہ طلبہ کو تعلیم کے ساتھ ساتھ ہنرمندی سے آراستہ کریں۔ خانگی تعلیمی ادارے ینگ انڈیا اسکل یونیورسٹی سے اشتراک کرسکتے ہیں۔ سریدھر بابو نے اعلیٰ تعلیم اور اسکل ڈیولپمنٹ سے متعلق شعور بیداری کی اپیل کی۔ اِس موقع پر پروفیسر بالا کرشنا ریڈی صدرنشین اسٹیٹ کونسل فار ہائر ایجوکیشن نے بھی مخاطب کیا۔1