قاہرہ : مصرمیں سوشل میڈیا پر گذشتہ دو روز سے ایک ایسی ویڈیو گردش کررہی ہے جس میں مصرکے ایک مشہورقاری کو تعزیتی تقریب کے دوران تلاوت کلام پاک کرتے اور اس دوران ایک شخص کی طرف سے ان پر پیسے نچھاور کرتے دکھایا گیا ہے ۔ اس ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر ایک ہنگامہ برپا ہوگیا۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک تعزیتی تقریب میں تلاوت کے دوران وہاں موجود ایک شخص نے مشہور قاری الشیخ محمود القزاز پر پیسے پھینکنا شروع کیے۔اس ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد قاری القزاز نے ایک بیان میں اس پر اپنا رد عمل پیش کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے تعزیتی تقریب میں خلل پیدا ہونے کی وجہ سے تلاوت نہیں روکی بلکہ جاری رکھی۔ اس دوران ایک شخص کا پیسے نچھاور کرنا غیر اخلاقی حرکت اور نا مناسب تھا۔