تلبیہ کی گونج میں مناسک حج کا آج آغاز

,

   

جدہ ۔ /8 اگست (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب میں گزشتہ ایک ماہ سے فرزندان توحید لبیک اللھم لیبک کی صدائیں بلند کرتے ہوئے مقدس فریضہ حج کے عزم کے ساتھ جوق در جوق حرمین پہونچ رہے ہیں ۔ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق سلطنت کو بیرون ملک سے تقریباً 20 لاکھ عازمین حج پہونچ چکے ہیں ۔ گزشتہ سال کے مقابل یہ تعداد ایک لاکھ سے زیادہ ہے ۔ سعودی عرب کی حکومت نے عازمین حج کی سہولت اور مدد کیلئے تمام شعبوں میں بڑی تعداد میں عملہ تیار کیا ہے ۔ حکومت نے حجاج کرام کی خدمات کیلئے تمام سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کا عزم کررکھا ہے ۔ زندگی کے
ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد عازمین حج کی خدمت میں مثالی کردار ادا کررہے ہیں ۔ دیگر اداروں کی طرح سعودی عرب کی وزارت صحت کی طرف سے اللہ کے مہمانوں کی صحت و تندرستی کی حفاظت کیلئے 30 ہزار مرد و خواتین پر مشتمل عملہ تعینات کیا گیا ہے ۔ سعودی عرب کے سرکاری ادارہ شماریات نے رواں سال کے حج کے اعداد و شمار ترتیب دینے کیلئے ویب سائیٹ www.stats.gov.sa تیار کی ہے ۔ اس ویب سائیٹ سے مختلف صورتوں میں استفادہ کیا جاسکتا ہے ۔ صحت کے سلسلے میں جو عملہ تیار کیا گیا ان میں 8500 سے زیادہ خواتین شامل ہیں ۔