تلنگانہ آر ایس ایس پرانت پرچارک عہدہ کیلئے کرنول کے لنگم سریدھر کی نامزدگی

   

دیویندر جی کی خدمات ہندوجاگرن منچ منتقل ، احمد آباد اجلاس میں فیصلہ
حیدرآباد۔14مارچ(سیاست نیوز) راشٹرسویم سیوک سنگھ نے تلنگانہ میں پرانت پرچارک کے عہدہ پر کرنول سے تعلق رکھنے والے لنگم سریدھر کو نامزد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ریاست گجرات کے شہر احمدآباد میں منعقد ہونے والے آر ایس ایس کے اکھل بھارتیہ پرتیندھی سبھا کے دوران کئے گئے فیصلہ کے مطابق تلنگانہ آر ایس ایس کے نگران دیویندر جی کی خدمات کو ہندو جاگرن منچ منتقل کیا گیا ہے اور دیویندر جی کی جگہ پرانت پرچارلنگم سریدھر کو نامزد کیا گیا ہے۔ لنگم سریدھر جو طویل مدت سے آر ایس ایس کی مختلف تنظیموں کے لئے خدمات انجام دیتے رہے ہیں اور کرنول سے تعلق ہونے کے باوجود تلنگانہ میں سرگرم ہیں ۔لنگم سریدھر کی آر ایس ایس کے ریاستی نگران کی حیثیت سے نامزدگی کے متعلق آگہی حاصل کرنے کی کوشش پر ذرائع نے بتایا کہ ریاستی آر ایس ایس نگران اور پرانت پرچارک کے عہدوں پر کئے جانے والے تبادلے معمول کی بات ہے اور اس کی کوئی مخصوص وجہ نہیں ہے لیکن اترپردیش انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے آندھرا پردیش سے تعلق رکھنے والے بی جے پی لیڈر ستیہ کمار کو 135 نشستوں کی ذمہ داری تفویض کئے جانے اور ان 135 نشستوں میں بیشتر پر کامیابی حاصل ہونے کے فوری بعد لنگم سریدھر کو آر ایس ایس کی جانب سے تلنگانہ کے امور تفویض کئے جانے پر سیاسی حلقوں کا کہناہے کہ یہ روایتی تبادلہ یا نامزدگی نہیں ہے بلکہ مجوزہ انتخابات کو پیش نظر رکھتے ہوئے کی جانے والی تیاریوں کا حصہ ہے۔احمدآباد میں منعقدہ اجلاس کے دوران کئے گئے اس فیصلہ کے بعد کہا جا رہاہے کہ ریاست تلنگانہ میں لنگم سریدھر کی نگرانی میں آر ایس ایس کی سرگرمیوں میں اضافہ کیا جائے گا۔م