قائد اپوزیشن کے سی آر کی شرکت کا امکان
حیدرآباد 18 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی میں کل 19 مارچ کو مالیاتی سال 2025-26 ء کا بجٹ پیش کیا جائے گا۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا جو وزیر فینانس بھی ہیں، 11.45 بجے اسمبلی میں بجٹ پیش کریں گے۔ قبل ازیں صبح 9.30 بجے کابینہ کا اجلاس چیف منسٹر ریونت ریڈی کی صدارت میں منعقد ہوگا جس میں ریاستی بجٹ کو منظوری دی جائے گی۔ تلنگانہ میں کانگریس برسر اقتدار آنے کے بعد سے ریونت ریڈی حکومت کا یہ دوسرا بجٹ ہے۔ حکومت نے انتخابات سے قبل عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل پر توجہ مرکوز کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ 6 ضمانتوں کی تکمیل کو ترجیح دیتے ہوئے بجٹ تیار کیا گیا ہے۔ بجٹ میں حکومت کی بعض نئی اسکیمات کے اعلان کا بھی امکان ہے۔ ریاست کی معاشی صورتحال کے پیش نظر فلاحی و ترقیاتی اسکیمات کے لئے بجٹ کی منظوری سے متعلق فیصلوں پر اپوزیشن اور عوام کی نظریں ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ بجٹ 3 لاکھ 10 ہزار کروڑ پر مشتمل رہے گا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے حکومت کی ترجیحات کو بجٹ میں شامل کرنے کی ہدایت دی تھی۔ اِسی دوران قائد اپوزیشن کے چندرشیکھر راؤ کی بجٹ کی پیشکشی کے موقع پر اسمبلی اجلاس میں شرکت کا امکان ہے۔ کے سی آر بجٹ تقریر کے موقع پر ایوان میں موجود رہیں گے۔ گزشتہ سال بھی کے سی آر نے بجٹ کی پیشکشی کے موقع پر اجلاس میں شرکت کی تھی۔ 1