تلنگانہ اقلیتی کمیشن کا اجلاس، 14 مقدمات کی سماعت

   

حیدرآباد ۔ 25 مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ اقلیتی کمیشن کا اجلاس صدرنشین محمد قمرالدین کی صدارت میں منعقد ہوا۔ کمیشن کے ارکان ایم اے عظیم اور سردار سریندر سنگھ کے علاوہ عہدیداروں نے شرکت کی۔ صدرنشین کمیشن نے مختلف نوعیت کے 14 مقدمات کی سماعت کرتے ہوئے احکامات جاری کئے۔ برنداون کالونی کے ایک شخص کی جانب سے پہلی بیوی اور بچوں کو نظرانداز کرنے اور گذارہ کیلئے رقم نہ دینے کی شکایت پر کمیشن نے ناراضگی کا اظہار کیا۔ درخواست گذار خاتون نے شکایت کی کہ ان کے شوہر دوسری بیوی کے ساتھ ہیں اور گذارہ کیلئے رقم نہیں دی جارہی ہے جس کے باعث وہ معاشی تنگی کا شکار ہیں۔ صدرنشین محمد قمرالدین نے مذکورہ شخص کو ہدایت دی کہ وہ گذارہ کیلئے مناسب دیکھ بھال کا وعدہ کرتے ہوئے حلفنامہ تحریر کرے۔ مقدمہ کی آئندہ سماعت 22 جون کو مقرر کی گئی۔ کمیشن وقف، سرکاری اور خانگی اراضی پر ناجائز قبضوں اور جائیدادوں میں بیجا مداخلت سے متعلق دیگر مقدمات کی سماعت کی۔ پولیس اور ریونیو کے عہدیدار سماعت کے وقت موجود تھے۔ محبوب نگر میں چرچ کی اراضی پر قبضے کا معاملہ بھی زیرسماعت رہا۔ اے سی پی راجندر نگر کے چکرورتی نے اراضی کے ایک معاملہ میں کمیشن کے روبرو حاضر ہوکر رپورٹ پیش کرنے کیلئے مہلت مانگی۔