حیدرآباد24جنوری( سیاست نیوز)دونوں تلگوریاستوں تلنگانہ اورآندھراپردیش میں سردی کی لہر میں اضافہ ہوگیا ہے ۔کئی مقامات پر اقل ترین درجہ حرارت میں گراوٹ ہوگئی ہے ۔شمالی ہند سے آرہی سرد ہواوں کے نتیجہ میں جنوب کی ان دو اہم ریاستوں میں حالیہ دنوں کے دوران سردی کی لہر میں غیرمعمولی اضافہ ہوگیا ہے ۔ان ریاستوں کے بیشتر مقامات پر کہر کی گھنی چادر بھی دیکھی جارہی ہے ۔حیدرآباد کے محکمہ موسمیات کے مطابق 26جنوری سے سردی میں اضافہ ہوگا اور درجہ حرارت11ڈگری تک کم ہوسکتا ہے۔27جنوری تک شہرمیں صبح کے اوقات میں کہر چھانے کا بھی امکان ہے۔جمعرات سے بیشتر اضلاع میں سردی میں اضافہ ہوسکتا ہے اور ان اضلاع کیلئے ایلو الرٹ جاری کیا گیا ہے ۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ آئندہ تین دنوں کے دوران تلنگانہ میں اسی طرح کی صورتحال برقرار رہنے کا امکان ہے ۔اے پی کے ایجنسی علاقوں میں بھی درجہ حرارت میں گراوٹ ہوگئی ہے ۔ آنے والے مہینہ میں سردی کی لہر میں اضافہ کے پیش نظر چوکسی کی ضرورت ہے ۔ تلنگانہ میں دن کے درجہ حرارت میں اضافہ ہوا ہے جبکہ رات کے اوقات میں درجہ حرارت میں گراوٹ دیکھی جارہی ہے جس کے سبب صبح اور شام کے اوقات میں سردی دیکھی جارہی ہے ۔