حیدرآباد25 دسمبر(یواین آئی) دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں کرسمس تقاریب روایتی جوش وخروس کے ساتھ منائی گئیں۔ کل رات خصوصی دعائیہ اجتماعات ہوئے جس کا سلسلہ آج بھی جاری رہا۔عیسائی براداری نے ایک دوسرے کو کرسمس کی مبارکبا د پیش کی۔کرسمس ٹری کو بھی مختلف مقامات پرسجایا گیا۔گرجا گھروں میں لوگوں کی کثیر تعداد دیکھی گئی۔ شہر کے چیاپل روڈ پر متھوڈسٹ چرچ کرسمس عوام کی توجہ کا مرکز بنا رہا ۔ سینٹنری متھوڈسٹ چرچ میں کرسمس ٹری بھی لگایا گیا ہے ۔ اس کو روشنیوں سے سجایا گیا ہے ۔ہر سال کرسمس کے موقع پر ان گرجا گھروں کو بڑے پیمانہ پرسجایاجاتا ہے ۔متھوڈسٹ چرچ میں کرسمس کے موقع پر تقریبا 5000افراد شرکت کرتے ہیں۔ کرسمس کے پیش نظر پولیس کے وسیع انتظامات کئے گئے تھے ۔ضلع میدک کے قدیم چرچ میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ میدک چرچ تاریخی اہمیت کا حامل اور ایشیاء کا دوسرا بڑا گرجا گھر ہے جہاں بیرونی سیاح کی بھی کافی تعداد میں آمد ہوتی ہے ۔ یہاں بڑے پیمانے پر کرسمس منایاگیا۔ تلنگانہ بھر کے علاوہ ملک کے دیگر حصوں کے عیسائیوں کا بڑا اجتماع یہاں دیکھا گیا۔ اس موقع پر خصوصی عبادات کی گئیں۔ چرچ اور اس کے اطراف جشن کا ماحول دیکھا گیا۔ چرچ کے اندر کے تمام کمروں کے علاوہ میدک ٹاؤن کی تمام لاجس اور ہوٹلیں لوگوں سے بھری ہوئی تھی۔ کل شب سے عیسائیوں کی بڑے پیمانے پر آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔ ٹریفک کو باقاعدہ بنانے اور میدک ٹاؤن و اس کے اطراف سیکوریٹی کیلئے ملازمین پولیس کو تعینات کیا گیا تھا۔ چرچ اور اس کے اطراف میں سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے تھے ۔بی آرایس کی رکن اسمبلی پدمادیویندرریڈی نے اس موقع پر کیک کاٹا اور عیسائیوں کو کرسمس کی مبارکباد پیش کی۔ نلگنڈہ کے بھی کئی چرچس کو سجایا گیا۔ ضلع کے سینٹینرنگ ایس ایس تلگو باپسٹ چرچ کلاک ٹاور سنٹر، ماریہ رانی کیتھیڈرل چرچ دیور کنڈہ روڈ اور مختلف مقامات کے چرچس کو روشن کیا گیا۔ آندھراپردیش کے وجئے واڑہ،اونگول اور دیگر علاقوں میں بھی کرسمس تقاریب بڑے پیمانہ پر منائی گئیں۔