تلنگانہ بجٹ میں کمزور ترین طبقات کو ترجیح: اسد اویسی

   

حیدرآباد۔/23 فروری، ( سیاست نیوز) مجلس کے صدر اور حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ اسد اویسی نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے پیش کردہ بجٹ کو شہرت پسند بجٹ قرار دینے سے متعلق تنقیدوں کو مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں کمزور ترین طبقات کو ترجیح دی گئی ہے اور اس سے شہریوں کو باوقار زندگی گزارنے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی بہبود کیلئے تلنگانہ میں جو بجٹ مختص کیا گیا ہے وہ ملک کی دیگر ریاستوں کے مقابلہ سب سے زیادہ ہے۔ ٹوئیٹر پر رکن پارلیمنٹ حیدرآباد نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو ترقی کی سمت پیش رفت کرنے والے بجٹ کی پیشکشی پر مبارکباد دی اور کہا کہ بجٹ میں کمزور ترین طبقات کو ترجیح دی گئی ہے۔ بجٹ کی ترجیحات میں زراعت، سماجی تحفظ اور معیار زندگی میں بہتری شامل ہیں۔