17 مارچ ایس سی زمرہ بندی اور 18 مارچ بی سی تحفظات بل کی پیشکشی، بی اے سی اجلاس میں فیصلے
حیدرآباد۔/12 مارچ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کا سالانہ بجٹ برائے مالیاتی سال 2025-26 تلنگانہ اسمبلی اور کونسل میں 19 مارچ کو پیش کیا جائے گا۔ ڈپٹی چیف منسٹر و وزیر فینانس بھٹی وکرامارکا بجٹ پیش کریں گے۔ اسمبلی کی بزنس ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس میں 27 مارچ تک اسمبلی بجٹ سیشن کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا۔ اسپیکر جی پرساد کمار، صدرنشین کونسل جی سکھیندر ریڈی، چیف منسٹر ریونت ریڈی، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا، وزیر امور مقننہ ڈی سریدھر بابو، بی آر ایس ارکان ہریش راؤ اور پرشانت ریڈی کے علاوہ دیگر پارٹیوں کے ارکان نے شرکت کی۔ بزنس اڈوائزری کمیٹی کے فیصلہ کے مطابق کل 13 مارچ کو گورنر کے خطبہ پر تحریک تشکر پر مباحث ہوں گے۔ 14 مارچ کو ہولی کی تعطیل رہے گی۔ 21 تا 26 مارچ مختلف محکمہ جات کے مطالبات زر پر مباحث ہوں گے اور 27 مارچ کو تصرف بل منظور کیا جائے گا۔16 مارچ کو اتوار کی تعطیل رہے گی۔ 17 مارچ کو ایوان میں ایس سی زمرہ بندی کے حق میں بل پیش کیا جائے گا جس پر مباحث ہوں گے۔18 مارچ کو طبقاتی سروے اور بی سی طبقات کو 42 فیصد تحفظات کا بل پیش کیا جائے گا جس پر مباحث پر حکومت کا جواب ہوگا۔19 مارچ کو بجٹ پیش ہوگا جبکہ 20 مارچ کو تعطیل رہے گی۔ 21 مارچ سے بجٹ پر مباحث کا آغاز ہوگا۔ بتایا جاتا ہے کہ بی آر ایس ارکان نے بجٹ سیشن کو کم از کم 20 دن تک جاری رکھنے کا مطالبہ کیا۔1