حکومت کے خلاف سازشوں کو عوام ناکام بنائیں، ناگر کرنول کے جلسہ عام سے ڈپٹی چیف منسٹر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 19۔ مئی (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس حکومت آئندہ 20 برسوں تک برقرار رہے گی کیونکہ تمام طبقات کی ترقی اور بھلائی کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ بھٹی وکرمارکا آج ناگر کرنول میں قبائلی کسانوں کے لئے شروع کی گئی نئی اسکیم کے آغاز کے موقع پر جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے خلاف کسی بھی سازش کا مقابلہ کرتے ہوئے تحفظ کرنا عوام کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے خلاف اپوزیشن کی کوئی بھی سازش دراصل عوام کے خلاف سازش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں زمینداروں کے ظلم کے خلاف جدوجہد کی طویل تاریخ ہے۔ جنگل اور زمین کے نعرہ کے تحت جدوجہد کی گئی جس میں پانی ، جنگل اور اراضی جیسے امور شامل تھے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی جدوجہد کو حقیقت میں تبدیل کرنے کیلئے تلنگانہ میں کانگریس حکومت آئندہ 20 برسوں تک برقرار رہنی چاہئے ۔ انہوں نے قبائلی کسانوں کیلئے اسکیم کے آغاز کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ آج کا دن ریاست کی تاریخ میں سنہرے حرف میں لکھا جائے گا ۔ بھٹی وکرمارکا نے قبائل کی جدوجہد کا جذباتی انداز میں ذکر کیا اور کہا کہ ریونت ریڈی کی قیادت میں تمام قبائلی علاقوں کی ترقی کیلئے نلا ملا ڈکلیریشن جاری کیا گیا ہے۔ ڈکلیریشن پر مکمل عمل کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی ، پسماندہ طبقات کی ترقی اور بھلائی میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق میں جن مہنگی فصلوں کے لئے دولت مند کسان شہرت رکھتے تھے، آج وہی فصلیں قبائلی کسان بھی اگا رہے ہیں۔ ہارٹیکلچر ڈپارٹمنٹ کی جانب سے مفت پودے سربراہ کئے جارہے ہیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ جب سابق حکومت کے دوران قبائل نے اہم فصلوں کو اگانے کی کوشش کی تو ان پر مظالم ڈھائے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے خلاف کسی بھی سازش کا مقابلہ ضروری ہے۔ راجیو یووا وکاسم اسکیم کے تحت قبائلی نوجوانوں کو ایک ہزار کرؤر سبسیڈی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ کانگریس حکومت کی مکمل تائید کریں تاکہ عوام کی حکومت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں ینگ انڈیا اقامتی اسکول تعمیر کئے جارہے ہیں جس پر 25 کروڑ کا خرچ آئے گا اور جملہ 104 اسکولوں کے لئے 200 کروڑ مختص کئے گئے ۔ انہوں نے سابق بی آر ایس حکومت پر غریب طلبہ کی ضرورتوں کو نظر اندام کرنے کا الزام عائد کیا۔ کانگریس حکومت نے ویلفیر ہاسٹلس کے ڈائیٹ چارجس میں 40 فیصد اور کاسمیٹک چارجس میں 200 فیصد کا اضافہ کیا ہے۔