خلاء میں حیدرآباد کا ڈنکا۔ اسکائی روٹ ایرواسپیس کی کامیابی پر ٹوئیٹ
حیدرآباد ۔ 18 جولائی (سیاست نیوز) ہندوستان کے خلائی شعبہ میں ایک نیا اور سنہرا باب اس وقت رقم ہوگیا جب ملک کا پہلا خانگی آرٹپل راکٹ وکرم۔ 1 کامیابی کے ساتھ خلاء کی طرف روانہ ہوگیا۔ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی خانگی ایرو اسپیس کمپنی اسکائی روٹ ایرو اسپیس کے اس تاریخی کارنامے پر دنیا کی نظریں ٹکی ہوئی تھیں۔ اس شاندار کامیابی پر چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے خوشی اور فخر کا اظہار کرتے ہوئے پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے۔ راکٹ کی کامیاب ترین پرواز کے فوری بعد چیف منسٹر نے سوشل میڈیا پر ایک خصوصی پیغام جاری کیا۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ سری ہری کوٹہ کے خلائی مرکز سے وکرم ۔ 1 کے کامیاب ٹیک آف نے یہ ثابت کردیا ہیکہ حیدرآباد کی اختراعی اور تکنیکی طاقت اب عالمی سطح پر اپنا لوہا منوا چکی ہے۔ انہوں نے خانگی خلائی شعبے میں ہندوستان کی بڑھتی ہوئی طاقت کی ستائش کی۔ چیف منسٹر نے فخر سے اعلان کیا کہ تلنگانہ اب ہندوستان کے خلائی خوابوں کا مرکز بن چکا ہے۔ مستقبل کے خلائی سفر اور جدید ترین ٹکنالوجی کی سمت میں تلنگانہ نے آج ایک انتہائی مضبوط اور تاریخی قدم آگے بڑھایا ہے۔ انہوں نے حیدرآباد کی خانگی کمپنی اسکائی روٹ کے نوجوان سائنسدانوں، انجینئرس اور پوری انتظامیہ کی انتھک محنت کی تعریف کی جنہوں نے ملک کے پہلے خانگی راکٹ کو خلاء میں بھیج کر تاریخ رقم کی ہے۔ اسکائی روٹ ایرو اسپیس کی اس کامیابی نے یہ ثابت کردیا ہیکہ خانگی شعبہ بھی اسرو کے شانہ بشانہ خلائی مہمات کو سستے اور جدید ترین انداز میں مکمل کرنے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے۔ حیدرآباد میں اس راکٹ کی تیاری اور ڈیزائننگ نے شہر کو عالمی ڈیفنس اور ایرواسپیس ہب کے طور پر مزید مستحکم کردیا۔2/a/b