تلنگانہ سے ویٹنگ لسٹ کے 500 عازمین حج کے سفر کو منظوری

   

صدر نشین حج کمیٹی محمد سلیم سعودی عرب روانہ، کونسل جنرل اور ناظر رباط سے ملاقات ہوگی

حیدرآباد۔/25 مئی، ( سیاست نیوز) حج 2022 کیلئے تلنگانہ میں ویٹنگ لسٹ کے 500 عازمین کو سنٹرل حج کمیٹی نے منظوری دے دی ہے۔ تلنگانہ کے طئے شدہ کوٹہ کے مطابق 1818 عازمین کی روانگی کی تیاریاں جاری ہیں ایسے میں ویٹنگ لسٹ کے 502 عازمین کی تاحال منظوری سے مجموعی تعداد بڑھ کر 2320 ہوچکی ہے۔ تلنگانہ حج کمیٹی نے 564 ویٹنگ لسٹ کے عازمین سے پاسپورٹس اور دیگر دستاویزات طلب کئے تھے اور ابھی تک 400 سے زائد عازمین نے پاسپورٹ جمع کرادیئے ہیں۔ منتخب عازمین کو سفری اخراجات کی ادائیگی سے متعلق اطلاع موبائیل فون پر دی جائے گی۔ ویٹنگ لسٹ کے منتخب عازمین کو دونوں قسطوں کی رقم بیک وقت ادا کرنی ہوگی۔ پہلی قسط میں 81 ہزار اور دوسری قسط کے تحت ایک لاکھ 20 ہزار روپئے ادا کرنے ہیں۔ جاریہ سال حج کے اخراجات 4 لاکھ سے تجاوز کرنے کا امکان ہے۔ سعودی عرب میں قیام کی سہولت سے متعلق اخراجات کی تفصیلات ہندوستانی کونسلیٹ سے حاصل ہونے کے بعد اخراجات کا تعین ہوگا۔ بتایا جاتا ہے کہ پہلی اور دوسری قسط ادا نہ کرنے والے عازمین کی تعداد تقریباً 13 ہے جنہوں نے ابھی تک اپنے پاسپورٹ بھی جمع نہیں کرائے ہیں۔ سعودی ایر لائنس نے 20 جون سے پروازوں کے آغاز کی اطلاع دی ہے۔ ویٹنگ لسٹ کے عازمین کی منظوری کے بعد پروازوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ اسی دوران صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی الحاج محمد سلیم ادائیگی عمرہ کیلئے آج صبح سعودی عرب روانہ ہوگئے۔ عمرہ کی تکمیل کے بعد وہ جدہ میں ہندوستانی کونسل جنرل محمد شاہد عالم سے ملاقات کریں گے اور عازمین حج کے انتظامات کے علاوہ رباط کے سلسلہ میں بات چیت کریں گے۔ ہندوستانی کونسلیٹ نے محمد سلیم کی ملاقات کو منظوری دیتے ہوئے ریاستی حج کمیٹی کو اس کی اطلاع دی ہے۔ روانگی سے قبل محمد سلیم نے کہا کہ وہ ناظر رباط حسین شریف سے بھی ملاقات کریں گے اور عزیزیہ کے علاقہ میں عازمین کیلئے رہائشی عمارت کرایہ پر حاصل کرنے کے امکانات کا جائزہ لیں گے۔ پرمٹ کے حصول کے سلسلہ میں ہندوستانی کونسلیٹ سے تعاون حاصل کیا جائے گا۔ حج کمیٹی کے مطابق منتخب عازمین کو روانگی سے ایک ماہ قبل کورونا ویکسین کی دونوں خوراک حاصل کرنی ہوگی۔ اکثر دیکھا گیا ہے کہ عازمین نے صرف پہلی خوراک حاصل کی ہے ۔ ایسے عازمین کو فوری دوسری خوراک بھی حاصل کرلینی چاہیئے۔ر