کتہ گوڑم میونسپل کارپوریشن کی تشکیل کا فیصلہ ، صدر نشین کے انتخاب میں ارکان راجیہ سبھا کو ووٹ کا اختیار
حیدرآباد ۔ 26 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : تلنگانہ قانون ساز کونسل میں آج تلنگانہ میونسپلٹیز ترمیمی بل اور تلنگانہ پنچایت راج ترمیمی بل دونوں بلز کو اتفاق رائے سے منظور کیا گیا ۔ ریاستی وزیر آئی ٹی و صنعت ڈی سریدھر بابو نے کہا کہ ریاست میں شہری علاقوں میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے جس کے پیش نظر مستقبل کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے بلدی نظم و نسق میں چند تبدیلیاں کی جارہی ہیں ۔ صدر نشین کے انتخاب میں ارکان راجیہ سبھا کو ووٹ دینے کا اختیار دیا جارہا ہے ۔ کتہ گوڑم میونسپل کارپوریشن تشکیل دیا جارہا ہے ۔ شہری آبادی کے بڑھتے ہوئے تناسب کے لحاظ سے سڑکوں کی تعمیر ، پینے کے پانی کی فراہمی اور روزگار کے موقع فراہم کرنے کے لیے خصوصی فنڈز مختص کئے جارہے ہیں ۔ ان ترمیمات سے تحفظات کو کوئی نقصان نہیں ہوگا ۔ پروٹوکول کا خاص خیال رکھنے کا یقین دلایا ۔ ریاستی وزیر سیتااکا نے پنچایت راج ترمیمی بل پیش کرتے ہوئے کہا کہ کئی میونسپلٹیز سے گرام پنچایتوں کو علحدہ کیا جارہا ہے اور کئی گرام پنچایتوں کو میونسپلٹیز میں شامل کیا جارہا ہے ۔ کئی ارکان نے پنچایت راج قانون میں دو بچوں کی موجودگی میں الیکشن لڑنے کی اجازت نہ ہونے کے مسئلہ پر نظر ثانی کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ وہ اس مسئلہ کو چیف منسٹر سے رجوع کرتے ہوئے ارکان کی رائے سے انہیں واقف کرائے گی ۔ اس کے علاوہ ارکان ترمیمی بل میں شامل نہ ہونے والی کئی تجاویز پیش کرچکے ہیں ۔ مگر وہ فی الوقت بل پر ہی جواب دیں گی ۔ دیگر امور کو دوسرے طریقے سے پیش کرنے پر حکومت ہمدردانہ غور کرے گی ۔ ضمانت روزگار اسکیم سے محروم ہونے کے ارکان نے خدشات ظاہر کئے ۔ یہ حقیقت ہے مگر ضروریات کے مطابق قوانین میں ترمیمات بھی لازمی ہوگئی ہیں ۔ دو بچوں کے لزوم کو میونسپلٹیز سے ہٹا دیا گیا ہے ۔ ریزرویشن کو کوئی نقصان نہیں ہوگا ۔ دونوں بلز پر ارکان نے اپنی اپنی رائے اور تجاویز پیش کی جس کے بعد دونوں بلز کو منظوری دے دی گئی۔ 2