تلنگانہ مقننہ کا اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی

   

ایوان کی تین کمیٹیوںکا قیام، 10 روزہ اجلاس میں تین بلز منظور
حیدرآباد ۔ 22 ۔ ستمبر (این ایس ایس) تلنگانہ اسمبلی کے اسپیکر پوچارم سرینواس ریڈی نے ایوان میں مباحث اور 1.465 کروڑ روپئے پر مشتمل تصرف بل کی منظوری کے بعد ایوان اسمبلی کو غیر معینہ مدت کیلئے آج ملتوی کردیا ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے قبل ازیں یہ بل پیش کیا تھا کہ جس پر ایوان میں مباحث مکمل ہوئے۔ اسپیکر نے ایوان کی مختلف کمیٹیوں کے قیام کا اعلان کیا ۔ ایم آئی ایم فلور لیڈر اکبر الدین اویسی کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیرمین مقرر کیا گیا ۔ سولی پیٹا لنگا ریڈی کو تخمینہ کمیٹی اور اے جیون ریڈی کو عوامی ادارہ جات کمیٹی کا صدرنشین مقرر کیا گیا ۔ اس کمیٹی کے ارکان میں کالواکنٹلہ ودیا ساگر راؤ ، پرکاش گوڑ ، ابراہم ، شنکر نائک ، داسری منوہر ریڈی ، نلہ متو بھاسکر راؤ ، احمد پاشاہ قادری اور کوروکنٹی چندر شامل ہیں۔ ایوان نے اپنے دس روزہ اجلاس کے دوران 58 گھنٹے اور 6 منٹ کام کیا ، اس دوران ایک قرارداد اور تین بلز منظور کئے گئے ۔