تلنگانہ میں آئندہ 2 دنوں میں شدید بارش کا امکان

   

آرینج الرٹ جاری ، 60 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کی پیش قیاسی
حیدرآباد۔4۔جولائی(سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں گذشتہ 24 گھنٹے سے ہورہی ہلکی اور تیز بارشیں آئندہ 48 گھنٹے میں شدت اختیار کرسکتی ہیں ۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیہ میں کی گئی پیش قیاسی میں کہاگیا ہے کہ ریاست کے بیشتر اضلاع میں جاری بارش اور مانسون میں ریکارڈ کی جانے والی شدت کا سلسلہ 6 جولائی کی رات دیر گئے تک رہنے کا امکان ہے ۔ شہر کے کئی علاقوں میں گذشتہ شب جاری رہنے والی مسلسل ہلکی اور تیز بارش کے بعد ہفتہ کی صبح کی اولین ساعتوں سے مطلع ابرآلود رہا ہے اور سہ پہر کے بعد دونوں شہروں کے کئی علاقوں میں بوندا باندی کا آغاز ہوا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کے کئی علاقوں میں آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کے امکانات ظاہر کئے جا رہے ہیں اورکہا جارہاہے کہ جنوبی ہند کی ریاستوں میں مانسون سرگرم ہونے کے بعد شروع ہونے والی موسلادھار بارشوں کا سلسلہ اب تلنگانہ کے اضلاع میں ہونے لگا ہے۔ خانگی ماہرین موسمیات کے مطابق آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران شہر حیدرآباد کے علاوہ شہر کے نواحی و مضافاتی علاقوں میں موسلا دھار بارشیں ریکارڈ کئے جانے کا امکان ہے جبکہ اضلاع میں مسلسل بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جو کہ آئندہ دو یوم جاری رہنے کا امکان ہے۔3/A/b