تلنگانہ میں آئندہ 5 دنوںمیں سردی کی شدت میں اضافہ

   

حیدرآباد۔25جنوری(سیاست نیوز) حیدرآباد وسکندرآباد کے علاوہ بیشتر اضلاع میں آئندہ ایک ہفتہ کے دوران موسم کی صورتحال غیر یقینی رہیگی۔ صبح اور رات دیر گئے درجہ حرارت میں کمی ہوسکتی ہے لیکن دن کے اوقات میں درجہ حرارت معمول کے مطابق رہے گا۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 5یوم کے دوران درجہ حرارت میں گراوٹ کے سبب سردی کی لہر میں اضافہ کے پیش نظر زرد الرٹ جاری کیا ہے۔ ماہرین موسمیات کے مطابق آئندہ 5یوم کے دوران ریاست تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں صبح کی اولین ساعتوں میں درجہ حرارت 10 ڈگری سیلسیس سے کم ہونے کا خدشہ ہے جبکہ شہر حیدرآباد کے نواحی علاقوں میں سردی کی لہر میں اضافہ کے امکانات ظاہر کئے جا رہے ہیں۔بتایاجاتا ہے کہ سردی کی لہر اور صبح کی اولین ساعتوں میں مطلع کہر آلود رہے گا ۔ خانگی ماہرین موسمیات کے مطابق ریاست تلنگانہ میں جاریہ ہفتہ کے دوران کم از کم درجہ حرارت 12ڈگری ریکارڈ کیا جائے گا جبکہ زیادہ سے زیادہ 32ڈگری سیلسیس ریکارڈ کئے جانے کا امکان ہے۔شہر میں گذشتہ دو یوم سے شام کے اوقات سردی کی لہر دیکھی جا رہی ہے اور رات میں بھی درجہ حرارت میں گراوٹ ریکارڈ کی جانے لگی ہے۔ اسی طرح صبح کی اولین ساعتوں میں بھی سرد ہوائیں اور درجہ حرارت میں کمی کے سبب مطلع کہر آلود ریکارڈ کیا جانے لگا ہے۔م