تلنگانہ میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

   

حیدرآباد میں ٹھنڈی ہواؤں کے سبب اوسط درجہ حرارت میں کمی ، آئندہ دو دن مطلع آبرآلود رہے گا

حیدرآباد ۔ 15 اپریل ( سیاست نیوز) ہندوستانی محکمہ موسمیا ت نے تلنگانہ کے مختلف مقامات پر آئندہ دو دن کے دوران گرج چمک ، تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی یا اوسط بارش کی پیش قیاسی کی ہے ۔ اس دوران اس ریاست کے بعض مقامات پر درجہ حرارت معمول سے دو تا چار ڈگری زائد رہے گا ۔ البتہ حیدرآباد میں حالیہ موسمی تبدیلی اور بالخصوص رات کے اوقات ٹھنڈی ہواؤں کے سبب شہر کے درجہ حرارت میں معمول سے پانچ ڈگری کی کمی ہوئی ہے ، جس کے ساتھ اعظم ترین درجہ حرارت میں 33ڈگری سلسیس ریکارڈ کیا گیا ۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات ( آئی ایم ڈی ) ڈائرکٹر انچارج ڈاکٹر وائی راجنا سرسلہ میدک ، سدی پیٹ ، حیدرآباد ، میڑچل ، ملکاگری ، یادادری بھونگیر ، وقارآباد ، رنگاریڈی ، محبوب نگر ، ونپرتی ، جوگولامبا گدوال ، جگتیال اور ناگر کرنول میں آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران طوفانی ہواؤں ، گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی ۔ حیدرآباد اور اس کے اطراف و اکناف منگل کی شام بارش ہوگی ، اس دوران درجہ حرارت 25 اور 40 ڈگری سلسیس کے درمیان رہے گا ۔ چہارشنبہ اور جمعرات کو شہر کا مطلع ابرآلود رہے گا ۔ خانگی محکمہ موسمیات کے اعلیٰ ماہر موسمیات پالوٹ نے کہا کہ رواں سال مارچ سے ہی درجہ حرارت میں معمول سے زیادہ اضافہ ہونے لگا تھا ۔ اس طرح اپریل کے آغاز سے قبل ہی ملک کے کئی علاقوں میں اوسط درجہ حرارت 40 ڈگری تک پہنچ چکا تھا ۔ جو دراصل موسم گرما کے قبل از وقت آغاز کی علامت ہے ۔ پانچ سال قبل بھی ایسا ہی ہوا تھا ۔ ان حالات میں بالعموم تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوا کرتی ہے جس سے درجہ حرارت میں کمی واقع ہوا کرتی ہے ۔ اسکائی مٹ نے منگل کو تلنگانہ میں طوفانی ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش قیاسی کی ہے اور کہا کہ پڑوسی ریاست کرناٹک کے موسمی حالات کے اثرسے یہ تبدیلی رونما ہوگی ۔