65 ہزار سرکاری ملازمتوں کی فراہمی ، 21 ہزار کروڑ روپئے کسانوں کے قرض کی معافی ، گاندھی بھون میں یوم تاسیس تقریب
حیدرآباد ۔ 2 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی بی مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ ریونت ریڈی حکومت عوام کے امیدوں کو پورا کرنے کے لیے دن رات کام کررہی ہے ۔ ذات پات کی مردم شماری سے تلنگانہ ملک کی مثالی ریاست میں تبدیل ہوگئی ۔ ایک سال میں 65 ہزار سرکاری ملازمتیں فراہم کی گئی ۔ بی سی طبقات کو 42 فیصد تحفظات فراہم کرنے کے لیے اسمبلی میں قرار داد منظور کی گئی ۔ تلنگانہ کے یوم تاسیس کا گاندھی بھون میں جشن منایا گیا ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مہیش کمار گوڑ نے قومی پرچم لہرایا ۔ اس موقع پر کانگریس کے رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو ، ارکان قانون ساز کونسل عامر علی خاں ، اے دیاکر ، بی وینکٹ ، پردیش کانگریس کے ورکنگ پریسیڈنٹ گیتا ریڈی ، انجن کمار یادو ، سابق ارکان پارلیمنٹ وی ہنمنت راؤ ، صدور نشین عظمت اللہ حسینی ، عبید اللہ کوتوال ، طاہر بن حمدان کے علاوہ کانگریس کے دوسرے سینئیر قائدین میں فیروز خاں ، روہین ریڈی کے علاوہ دیگر موجود تھے ۔ مہیش کمار گوڑ نے خطاب کرتے ہوئے تلنگانہ کے یوم تاسیس کے موقع پر عوام کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ سونیا گاندھی نے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دی ۔ بی آر ایس حکومت نے ریاست کو کنگال بنادیا ۔ ریونت ریڈی کی قیادت میں سنہرے دور کا آغاز ہوا ہے ۔ 6 دہائیوں کی تحریک کو کانگریس کے زیر قیادت یو پی اے حکومت نے شرمندہ تعبیر بنایا ہے ۔ کئی جانی قربانیوں کے بعد علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل پائی ہے ۔ ریاست میں کانگریس کی اندراماں حکومت غریب عوام کی ترقی ، بہبود اور خوشحالی کے لیے کام کررہی ہے ۔ سابق چیف منسٹر کے سی آر نے ریاست میں معاشی بحران پیدا کیا جب کہ کانگریس کے موجودہ چیف منسٹر ریونت ریڈی ریاست کی تعمیر نو کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کررہے ہیں ۔ ترقی اور بہبود پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔ سماجی انصاف صرف کانگریس سے ہی ممکن ہے ۔ ایس سی زمرہ بندی ملک کے لیے مثالی ہے تو ذات پات کا سروے راہول گاندھی کا عزم ہے ۔ ایک سال میں 65 ہزار سرکاری ملازمتیں فراہم کی گئی ۔ راجیو یووا وکاسم اسکیم کے ذریعہ 5 لاکھ نوجوانوں کو خود روزگار فراہم کیا جارہا ہے ۔ 500 روپئے گیس سلنڈر اور 200 یونٹ تک مفت برقی سربراہ کی جارہی ہے ۔ ان دونوں اسکیمات سے ریاست کے تقریبا ایک کروڑ خاندانوں کو فائدہ پہونچ رہا ہے ۔ ریاست میں 25 لاکھ کسانوں کے 21 ہزار کروڑ روپئے کے قرض معاف کئے گئے ہیں ۔۔ 2