تلنگانہ میں امرا راجا گروپ نے 9500 کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کیا

   


بیاٹری مینوفیکٹچرنگ یونٹ کے قیام سے 4500 افراد کو روزگار حاصل ہوگا ۔ کے ٹی آر
حیدرآباد /2 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) ریاستی وزیر آئی ٹی و صنعت کے ٹی آر نے ریاست میں امرا راجا گروپ کی جانب سے 9500 کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کا اعلان کرنے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سرمایہ کاری سے تلنگانہ کے 4500 افراد کو روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ تلنگانہ میں سرمایہ کاری کا سلسلہ جاری ہے ۔ پہلے ہی ہزاروں صنعتیں سرمایہ کاری کرچکی ہیں اور مقامی نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کئے جارہے ہیں ۔ امرا راجا گروپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ ضلع محبوب نگر کے دیوتی پلی میں الکٹرک گاڑیوں کی بیاٹری تیار کرنے کی مینوفیکچرنگ یونٹ قائم کرے گی ۔ اس سلسلے میں امرا راجا گروپ اور حکومت تلنگانہ کے درمیان یادداشت مفاہمت پر دستخط بھی کئے گئے ہیں ۔ یاداشت پروگرام میں وزیر آئی ٹی و صنعت کے ٹی آر اور امرا راجا گروپ کے ڈائرکٹر گالاجئے دیو نے شرکت کی ۔ کے ٹی آر نے خطاب کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر تلنگانہ میں سرمایہ کاری کرنے پر امرا راجا گروپ سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ حکومت امرا راجا گروپ کے ساتھ مکمل تعاون و اشتراک کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ 37 سال سے امرا راجا گروپ خدمات انجام دے رہی ہے ۔ تلنگانہ ریاست انسانی وسائل سے مالا مال ہے ۔ تلنگانہ میں سرمایہ کاری کرنے والے سرمایہ کاروں کو حکومت تمام سہولتیں فراہم کرے گی ۔ امرا راجا گروپ کے ڈائرکٹر گالاجئے دیو نے کہا کہ تلنگانہ سرمایہ کاری کیلئے ایک سازگار مقام ہے ۔ نئی ٹیکنالوجی کے ساتھ ہم بیاٹری مینوفیکچرنگ یونٹ قائم کر رہے ہیں ۔ تلنگانہ میں سرمایہ کاری کرتے ہوئے ہمیں بہت زیادہ خوشی ہو رہی ہے ۔ جئے دیو نے آئندہ 10 سال کے دوران تلنگانہ میں 9500 کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کیا ۔ ن