فرسٹ ایئر کے19 ہزار طلبہ غیرحاضر، سکنڈ ایئر کے آج سے امتحانات، سکریٹری کا معائنہ
حیدرآباد۔/28 فروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن کے تحت آج سے انٹر میڈیٹ امتحانات کا آغاز ہوا۔ پہلے دن فرسٹ ایئر کا سیکنڈ لینگویج پیپرI امتحان منعقد کیا گیا۔ سکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کے مطابق سیکنڈ لینگویج پیپر I کیلئے 507754 امیدواروں نے رجسٹرڈ کرایا تھا جبکہ 488113 امیدواروں نے امتحان میں شرکت کی۔ 19641 امیدوار غیر حاضر رہے۔ غیرحاضر طلبہ کا فیصد 3.86 ہے۔ کریم نگر، نظام آباد اور جنگاؤں میں نقل نویسی کے تین معاملات منظرعام پر آئے۔ بورڈ کے آبزرورس نے نلگنڈہ، میدک، جنگاؤں، ناگرکرنول اور رنگاریڈی اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے امتحانی مراکز کا معائنہ کیا۔ امتحانات کے انعقاد کیلئے وسیع تر انتظامات کئے گئے تھے اور مراکز کے اطراف دفعہ 144 نافذ کیا گیا۔ سکریٹری اعلیٰ تعلیم بی وینکٹیشم نے آج جوبلی ہلز میں سری چیتنیہ کالج پہنچ کر امتحانی مرکز کا معائنہ کیا۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ امتحانی مراکز پر امیدواروں کیلئے تمام ممکنہ سہولتیں فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ امتحانی مراکز میں امیدواروں کے علاوہ مراکز کے اطراف کسی کو سیل فون کے استعمال کی اجازت نہ دی جائے۔ امتحان کا وقت صبح 9 تا 12 بجے دن تھا اور صبح 8 بجے سے ہی امیدوار امتحانی مراکز پہنچ رہے تھے۔ 9 بجے کے بعد پہنچنے والے امیدواروں کو امتحان ہال میں داخلہ کی اجازت نہیں دی گئی۔ آر ٹی سی کی جانب سے خصوصی بسوں کا انتظام کیا گیا تھا۔ فرسٹ ایئر امتحانات میں جملہ 478718 امیدواروں نے رجسٹرڈ کرایا ہے جبکہ سیکنڈ ایئر امتحانات میں 502260 امیدواروں کی شرکت متوقع ہے۔ انٹر میڈیٹ سیکنڈ ایئر کا پہلا امتحان کل 29 فروری کو منعقد ہوگا۔ 1
بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن نے 75 فلائنگ اسکواڈز اور 200 سیٹنگ اسکواڈز کے ذریعہ امتحانات کی نگرانی کی ہے۔1