تلنگانہ میں ایک سال کے دوران 30 فیصد ایم بی بی ایس نشستوں کا اضافہ

   

ملک میں 4012 نشستوں کا اضافہ ، تلنگانہ کے 1150 نشستیں شامل
حیدرآباد ۔ 14 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : ریاست تلنگانہ نے ایک ساتھ 8 نئے میڈیکل کالجس قائم کرتے ہوئے ایک اور نیا ریکارڈ قائم کیا ہے ۔ ساتھ ہی قابل ذکر بات یہ ہے کہ تعلیمی سال 2022-23 کے دوران ملک بھر میں ایم بی بی ایس کی نشستوں میں جو اضافہ ہوا ہے اس میں 30 فیصد نشستیں تلنگانہ میں اضافہ ہوئی ہیں ۔ ملک میں ہر سال نیٹ امیدواروں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے باوجود پی جی میڈیکل نشستیں بڑی حد تک خالی رہتی ہیں ۔ اس تناظر میں بی آر ایس کے رکن راجیہ سبھا کے کیشوراؤ نے راجیہ سبھا مرکزی حکومت سے سوال کرتے ہوئے دریافت کیا کہ گذشتہ تین سال کے دوران ملک بھر میں نیٹ امتحان میں حصہ لینے والے طلبہ کی تعداد کتنی ہے ۔ ایم بی بی ایس اور پی جی کی کتنی نشستوں میں اضافہ ہوا اور کتنی نشستیں خالی ہیں ۔ اس کی تفصیلات پیش کی جائے مرکزی محکمہ صحت و خاندانی بہبود کی جانب سے دئیے گئے جواب کا تجزیہ کرنے پر کئی دلچسپ تفصیلات سامنے آئی ہیں ۔ نیٹ امتحان میں شرکت کرنے والے طلبہ کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ۔ سال 2020 میں 13.66 لاکھ سال 2021 میں 15.44 لاکھ اور سال 2022 میں 17.64 لاکھ طلبہ نیٹ کے امتحان میں شریک ہوئے اور یہ بھی بتایا کہ ہر سال کم از کم ایک تا دیڑھ لاکھ طلبہ نیٹ امتحان میں غیر حاضر رہتے ہیں ۔ ملک بھر میں ایم بی بی ایس ( یو جی ) اور پی جی کی نشستوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ۔ سال 2021-22 کے مقابلے اس سال 4012 ایم بی بی ایس کی نشستوں میں اضافہ ہوا ہے ۔ جس میں 1150 نشستیں ( تقریبا 30 فیصد ) نشستوں کا ریاست تلنگانہ میں اضافہ ہوا ہے ۔ یہ اس لیے ممکن ہوا کیوں کہ ریاستی حکومت نے بیک وقت میں 8 میڈیکل کالجس کا آغاز کیا ہے ۔۔ ن